کراچی (اسٹا ف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی سید ناصر عباس نے کہا ہے کہ کے ڈی اے کی بحالی کے بعد شہر کی ترقی اور شہریوں کو سہولیات بہم پہنچانے کے لیے چند اہم منصوبوں کی تیاریاں جاری ہیں اور جلد ہی ان منصوبوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں میں شہر کے مختلف اور اہم برساتی نالوں پر جہاں گزشتہ 15 برس کے دوران کسی نے توجہ نہیں دی، حکومت سندھ کے تعاون سے گجرنالہ کے دونوں حفاظتی پشتوں کی تعمیر کے علاوہ نالوں کے دونوں اطراف سڑکوں کی تعمیر بھی شامل ہے۔ اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے حکومت سندھ کے ڈی اے کو خصوصی فنڈ فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس نے گجرنالہ کے اطراف مختلف واقع رہائشی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مختلف علاقوں خاموش کالونی ڈاکخانہ، کریم آباد، عائشہ منزل، واٹر پمپ، سہراب گوٹھ اور گودھرا کیمپ کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دس کلومیٹر پر محیط گجرنالہ کے دونوں اطراف 24 فٹ چوڑی سڑک کی تعمیر کے ڈی اے کے تجربہ کار اور ماہر انجینئرز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی تعمیر کے علاوہ گجرنالہ کی بائونڈری وال بھی تعمیر کی جائے گی تاکہ گجرنالے کو مستقبل میں غیر قانونی تجاوزات اور قبضہ سے محفوظ بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گجرنالے اور اس کے ساتھ آبادیوں کا تفصیلی سروے اور گجرنالے کی ری کنڈیشنگ اور ری ماڈلنگ بشمول پشتوں اور سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ کے ڈی اے سے تعلق رکھنے والے انجینئرز نے ہی بنایا تھا۔ ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس نے کہا کہ گجرنالے کے دونوں اطراف روڈز پر لائٹس، کیٹ آئز اور لین مارکنگ کے علاوہ بہترین شجرکاری کی جائے گی جبکہ سایہ دار درخت بھی لگائے جائیں گے۔