ملک و قوم کیلئے بھارت نواز خارجہ پالیسی قابل قبول نہیں‘ میاں مقصود

223

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے لاہور ہائی کورٹ بار کی جانب سے حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین کے حق میں قرار داد منظورکرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سید صلاح الدین کشمیریوں کے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں۔ ان کی جدوجہد کو سوچی سمجھی سازش کے تحت دہشت گرد بناکر عالمی دنیا کے سامنے پیش کرنا درحقیقت کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو متنازع بنانے کی کوشش ہے۔ ہندوستان امریکا کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوچکا ہے۔ یوم الحاق پاکستان کے موقع پر بھارتی فوجیوں کی جانب سے کشمیریوں کے مظاہروں پر وحشیانہ تشدد کرنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف اپنی مذموم سازشوں میں مصروف ہے۔ اس سے نہ صرف جنوبی ایشیا کے خطے میں امن کی صورتحال تہہ وبالا ہوجائے گی بلکہ مسلسل بھارتی جارحیت اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے سے انحراف کے باعث تیسری عالمی جنگ کے خطرات بھی منڈلانے لگے ہیں۔ ہندوستان اپنی خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے پاکستان میں ہر قسم کی تخریب کاری میں براہ راست ملوث ہے۔ آبی جارحیت سے لے کر کھیلوں کے میدانوں تک بھارت نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کاکوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وتشدد کی انتہا کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ خطے میں چودھراہٹ قائم کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پاک چین سیاسی وعسکری قیادت ہندوستان کی بڑھتی ہوئی شرانگیزیوں کا بھر پور جواب دے۔ کمزور، بھارت نواز اور ملکی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بنائی جانے والی خارجہ پالیسی ملک وقوم کے لیے قابل قبول نہیں۔ آزاد خارجہ پالیسی بناتے ہوئے بھارت کو اس کی زبان میں جواب دیا جائے۔