پنجاب حکومت نے میگاپروجیکٹس اور میٹروبس کو اپنی توجہ کامرکز بنارکھا ہے

196

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پنجا ب حکومت نے میگا پروجیکٹس ، میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین کو ہی اپنی توجہ کا مرکز بنا رکھا ہے جبکہ عوام غربت ، بے روزگاری ، مہنگائی ، لوڈشیڈنگ اور بدامنی کے منحوس چکر میں بری طرح پس رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری ٹریفک مسائل ،گندگی کے ڈھیر ، صاف پانی کی عدم دستیابی، قبضہ مافیا، منشیات فروشی اوراسٹریٹ کرائم جیسے مسائل سے پریشان ہیں ۔حکمرانوں کے کرپشن کے انکشافات کے بعد عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور عوام ا ب ملک میں ایک صالح، ایماندار اور کرپشن سے پاک قیادت کو دیکھنا چاہتی ہے کیونکہ حکمرانوں نے چار سالہ دور حکومت میں ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے اور قرضوں کے تمام سابق ریکارڈ توڑ دیے اور ملک کا بچہ بچہ مقروض ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اداروں میں کرپشن حکومتی سرپرستی میں ہو رہی ہے جس سے شہر بھر کے عوام میں سخت غصہ پایا جاتا ہے ۔کسی بھی سرکاری دفتر میں بنا سفارش یا رشوت کے کوئی کام نہیں ہوتا تمام سرکاری دفاتر میں بیٹھے افسران عوامی مسائل پر ذاتی مفادات ، تعلقات ، پسند اور نا پسند کو ترجیح دیتے ہیں ۔ اس کرپٹ نظام اور مافیا کے کام کرنے کے طریقہ کار اور رویے سے غریب عوام تنگ آچکی ہے۔ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے بجائے مزید اضافہ کا باعث بنی ہے کیونکہ حکمرانوں کی ترجیحات میں عوامی مسائل کا حل شامل ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام چاہتی ہے کہ جس میں انصاف سب کیلیے مساوی اور عام ہو،کسی بھی محکمے میں کرپشن اور رشوت رکاوٹ نہ بنے جماعت اسلامی ملک کو ایک اسلامی ،پر امن اور خوشحال پاکستان بنانا چاہتی ہے۔