کیمیکل کی فیکٹری کے ٹینک میں گرکر4 مزدور جاں بحق

166

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں حادثات کے واقعات میں 7افراد جاں بحق ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق بن قاسم تھانے کی حدود حسن شاہ مزار گھگھر پھاٹک کے قریب قائم کیمیکل کی فیکٹری کے ٹینک میں4 مزدور کام کے دوران گر کر جاں بحق ہو گئے ۔ جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی شناخت ظہور ، فیضان ، تنویر اور فیصل کے نام سے ہوئی ۔ تمام لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی ۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق زیر تعمیر فیکٹری کے ٹینک میں گرنے والے 15 مزدوروں میں سے 4 ڈوب کر ہلاک ہوگئے جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹینک میں 4مزدوروں کی ہلاکت پر نوٹس لیتے ہوئے سیکٹرٹری لیبر سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ،رپورٹ میں فیکٹری رجسٹرڈ تھی اور اس کی آخری انسپکشن کب ہوئی تھی کیا مزدور سیسی میں رجسٹرڈ تھے؟ معلومات فراہم کرنے کا کہاگیا ہے۔دوسری جانب کلفٹن سی ویو ساحل سے 22سالہ شخص کی لاش ملی جسے ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق نوجوان سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوا، لاش کی شناخت نہیں ہوسکی۔ ادھر ملیر کے علاقے ائر پورٹ چھوٹا گیٹ کے قریب بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 30 سالہ عبدالرشید ولد صالح محمد جاں بحق ہوگیا،متوفی کی لاش کوپوسٹ مارٹم کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیاگیا۔علاوہ ازیں لیاقت آباد میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے ۔