کے ایچ اے نے فائیو اے سائیڈ ہاکی سیریز جیت لی

153

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ورلڈ اسپورٹس رپورٹرز ڈے کی مناسبت سے اسپورٹس ویک میں اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ(سجاس) اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ فائیواے سائیڈ سہ فریقی ہاکی سیریز کے ایچ اے نے جیت لی ۔کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس پر ہونے والے ایونٹ کے مہمان خصوصی ڈاکٹر پرویز رضوی تھے جبکہ اس موقع پر قومی ٹیم کے سابق کپتان و کوچ اولمپئن حنیف خان ،اولمپئن احمد عالم،جاوید اقبال ،نسیم حسین ،محسن علی ،ڈاکٹر ماجد،سجاس کے سینئر نائب صدر زبیر نزیر،خازن ارشاد علی ،اور دیگر بھی موجود تھے ۔فائنل میں کے ایچ اے نے سجاس کمبائن کو 8-3کے اسکور سے مات دی ۔فاتح ٹیم کی جانب سے ریاض الدین نے تیز ترین ہیٹ ٹرک کی جبکہ عادل عسکری نے دو ،گلفراز اخان ،کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین اور ندیم خان نے ایک ایک گول اسکور کیا ۔قبل ازیں پہلے میچ میں سجاس بلیو نے سجاس گرین کو 6-3سے شکست دی ،فاتح ٹیم کی جانب سے زاہد غفار نے3 جبکہ شاہد انصاری ،کاشف فاروقی اور شہزاد علی نے ایک ایک گول کیا ،سجاس گرین کی جانب سے ارشد وہاب نے 2 اور طارق اسلم نے ایک گول کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین نے کہا کہ اسپورٹس رپورٹرز کو ہاکی گرائونڈ میں ہاکی کھیلتے ہوئے دیکھنا میرے لئے نیا تجربہ تھا ابصحافیوں کو گرائونڈ کے اندر کھیلنے والے کھلاڑیوں کی مشکلات کا بھی حقیقی معنوں میں اندازہ ہوگا ،کے ایچ اے گرائونڈ سب کے لئے ہے ،ہماری کوشش ہے کہ گراس روٹ لیول سے کام کریں اور کراچی سے ماضی کی طرح با صلاحیت ٹیلنٹ سامنے لائیں تاکہ پاکستان ہاکی کو کراچی سے بھی اچھے کھلاڑی مل سکیں اس کام میں میڈیا کا تعاون پہلے بھی ہمارے ساتھ اور آئندہ بھی رہے گا ۔بعد ازاں مہمان خصوصی ڈاکٹر پرویز رضوی نے فاتح ٹیم کے کپتان ریاض الدین کو ونگ ٹرافی دی جبکہ اور رنر اپ ٹرافی زاہد غفار اور عمر شاہین نے وصول کی ۔اسپورٹس ویک میں آج ٹگ آف وار کے مقابلے کسٹمز اسپورٹس کمپلیکس پر سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے تحت منعقد کئے جائیں گے ۔