استعفے کی بھیگ مانگنے والو! شرم کرو ‘ کیا میں تمہارے ووٹوں سے وزیراعظم بنا؟ نواز شریف

141

اپر دیر (اے پی پی+آن لائن) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ استعفے کی بھیک مانگنے والو!شرم کرو،پہلے منہ دھوکر آؤ، کیا میں تمہارے ووٹوں سے وزیر اعظم بنا ہوں ۔انہوں نے جے آئی ٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ نے اپنے کزن کے ذریعے ہمارے خلاف ہیراپھیری کرائی، ایک کمرے کی کمپنی چلانے والے شخص کو 50 لاکھ کا ٹھیکا دیا گیا، عوام کے خون پسینے کی کمائی بے دردی سے لٹائی گئی،جے آئی ٹی میں صادق اورامین بیٹھے ہیں، ہمارا احتساب نہیں استیصال ہورہا ہے ‘ اس احتساب کو کوئی نہیں مانے گا۔وزیراعظم نے ان خیالات کاا ظہار جمعرات کو دیر بالا میں لواری ٹنل کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، وزیر اعظم کے مشیر مہتاب عباسی، صوبائی صدر ن لیگ انجینئر امیر مقام، سابق وزیر اعلیٰ پیر صابر شاہ، چترال سے رکن قومی اسمبلی سید افتخار الدین، ن لیگ یوتھ ونگ کے سربراہ اورزیراعظم کے داماد کیپٹن (ر) صفدراور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی بھی موجود تھے۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ آج کا پاکستان 2013 ء کے پاکستان سے بہت بہتر ہے،جلنے والوں ملک کی ترقی میں رکاوٹ نہ بنو،قوم تمہیں معاف نہیں کرے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2014ء میں شاہراہ دستور 4ماہ تک یرغمال بنی رہی ، آئین اور قانون کے کفن تیار ہوتے رہے، ہم نے فتنے فساد کی قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکایا،آج کل مخالفین کے سرکس پر پانامالیکس کا بورڈ لگا ہواہے،میں یہ تہمت اور بیہودہ الزامات برداشت نہیں کر سکتا، میرے صبر کا امتحان نہ لو،مجھے اپنی عزت سب سے پیاری ہے، میرے اوپر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، ہم نے تو ترقیاتی منصوبوں میں 168 ارب روپے کی بچت کرکے قوم کو واپس کیے ہیں۔