حیدر آباد، فالج کے عالمی دن پر الخدمت کا مفت طبی کیمپ اور واک

241

حیدرآباد (نمائندہ جسارت) الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے تحت دماغ کے عالمی دن پر ’’فالج دماغ کا دورہ، بچائو کیجیے‘ علاج کیجیے‘‘ کی مناسبت سے الخدمت کے زیر انتظام مراکز صحت الخدمت اسپتال حیدر آباد، ٹنڈوالہٰیار، ٹھٹھہ، نوابشاہ، سکھر، ڈہرکی، خیرپور، میرپور خاص، خیر پور اور شکار پور میں مفت اسکریننگ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلڈ پریشر، شوگر، کولیسٹرول جسم میں چربی سمیت دیگر ٹیسٹ کیے گئے۔ الخدمت کے شعبہ صحت سے وابستہ ڈاکٹر اور میڈیکل اسٹاف و دیگر ذمے داران کے ساتھ اس دن کے حوالے واک کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ ہر سال ہزاروں انسان فالج کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں جبکہ بروقت علاج اور احتیاطی تدابیر سے ان کی زندگیاں بچائی جاسکتی ہیں اور لوگ دماغ کے دورے کی وجہ سے معذوری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہیں مستند معالج سے علاج کروا کر معذوری سے نجات دلائی جاسکتی ہے۔