جے آئی ٹی کی تفتیش تعصب پر مبنی ہے‘ نامکمل فیصلہ کیسے آسکتا ہے؟ ن لیگ

132

اسلام آباد/لاہور(آن لائن+نمائندہ جسارت) ن لیگ نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی تحقیقات تعصب پر مبنی ہیں نامکمل تفتیش پر کیسے فیصلہ آسکتا ہے، سزا اور جزا سے کوئی ڈر نہیں ،وزیراعظم اور ان کے خاندان پر کچھ ثابت نہیں ہوا، ملک میں احتساب کا دہرا معیار جاری ہے ،جمہوریت جب بھی مضبوط ہونے لگتی ہے تو اس کو پیچھے دھکیل دیا جاتا ہے، عدالت عظمیٰ کا فیصلہ ملک و آئین کے مطابق ہوگا ،تسلیم کریں گے، وزیرداخلہ کے معاملے کو پاناما سے نہ جوڑا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار مصدق ملک ، مریم اورنگزیب ، طلال چودھری،دانیال عزیز ، مائزہ حمید، عابد شیر علی اور رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عدالت عظمیٰ کے فیصلہ محفوظ کرنے کے بعد وزیراعظم ہائوس کے ترجمان مصدق ملک نے اپنے ردعمل میں کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ پر بہت سے تحفظات ہیں اور وہ ردی کی ٹوکری میں پھینک دی جائے گی کیونکہ جے آئی ٹی کی رپورٹ تعصب پر مبنی ہونے کے ساتھ ساتھ نامکمل ہے اور اس میں شفافیت بھی نہیں ہے اس لیے ہم جے آئی ٹی کی رپورٹ پر مبنی فیصلہ قبول نہیں کریں گے۔کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنماطلال چودھری نے کہا ہے تماشا لگانے والوں کے پاس 2018 ء میں عوامی عدالت میں جانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ،سیاسی مخالفین اداروں کا کندھا استعمال کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سزا اور جزا سے کوئی ڈر نہیں ،وزیراعظم اور ان کے خاندان پر کچھ ثابت نہیں ہوا۔ دانیال عزیز نے کہا کہ ملک میںاحتساب کا عمل شروع ہوچکا ہے سندھ میں نیب کیسز کسی سے چھپے ہوئے نہیں 90دن میں کرپشن ختم کرنے والی جماعت نے نیب قوانین تبدیل کردیے 2جماعتوں نے اپنے اپنے صوبوں میں نیب کی دھجیاں اڑادیں پورے کا پورا نیب کھنگالا گیا کس کیس میں احتساب ہورہاہے بھٹو نے 1296افراد کو نیب کی فہرست سے نکالا۔ جماعت اسلامی کی فہرست میں 435 لوگ تھے بعد میں نوازشریف پر محیط ہوگئی ۔وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اس طرح احتساب نہیں استیصال ہوتا ہے،عدالت کا فیصلہ ملک و آئین کے مطابق ہو گا فیصلے کو تسلیم کریں گے۔جے آئی ٹی پر تحفظات ڈھکے چھپے نہیںتمام ثبوت پاکستان کے عوام کے سامنے لائیں گے، 3 عدالتوں سے مفرور شخص منتخب وزیراعظم سے استعفا مانگ رہا ہے۔چودھری نثار کو پاناما کیس کے معاملے سے جوڑنا درست نہیں۔وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد عمران خان پاگل ہو جائیں گے ۔عدالتیں فیصلے آئین، قانون اور شہادتوں کی روشنی میں کرتی ہیں لہٰذا آئین کی روشنی میں فتح نواز شریف کی ہوگی ۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بھٹو اور نوازشریف کا کیس سیاسی ہے، نوازشریف کی 36 سال کی سیاسی زندگی میں کوئی الزام ان پر نہیں لگایا جاسکتا۔ظفر حجازی کے معاملے پرنچلے افسران پردبائو ڈالا گیا ان کے خلاف بیان دیں۔عدالت عظمیٰ کے جج تمام باتوں کا ادراک رکھتے ہیں ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہونا چاہیے جس کا خمیازہ آئندہ سالوں تک برداشت کرنا پڑے۔