پی ٹی آئی قیادت کا اجلاس، فیصلے کے بعد کی صورتحال پر غور

433

اسلام آباد(صباح نیوز) بنی گالہ میں پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں لاہور، کراچی اور اسلام آباد سے قیادت نے شرکت کی جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اجلاس میں پاناما لیکس کیس کی سپریم کورٹ میں تکمیل کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، ممکنہ فیصلے کے خدوخال پر قانونی ماہرین نے چیئرمین اور پارٹی قیادت کو خصوصی بریفنگ دی۔پاناما کے سیاسی اثرات اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی سے جڑے مختلف امور پر بات چیت کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کا مفصل جائزہ لیا گیاعدالت عظمیٰکیخلاف ممکنہ حکومتی شرانگیزی کے امکانات کا جائزہ بھی لیا۔اجلاس میںوزیر اعظم کے ضد پر مبنی رویے اور اسکے ملکی سیاست، پارلیمان اور جمہوریت پر اثرات کا تجزیہ کیا گیا اور وزیر اعظم اور انکے خاندان کے جرائم کیخلاف قومی اتفاق رائے کے امکانات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اس بات پر اتفاق رائے کیا گیا کہ نواز شریف کے پاس رخصتی کے علاوہ کوئی راستہ باقی نہیں،وزیر اعظم ازخود منصب خالی کرتے ہیں یا سزا کے بعد عہدہ چھوڑتے ہیں خود انہیں فیصلہ کرنا ہے اور اس عزم کا اظہار کیاگیا کہ وزیر اعظم کی جانب سے کسی قسم کے جمہوری، سیاسی و پارلیمانی بحران کھڑا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔