ریکارڈ ٹیمپرنگ‘ ظفر حجازی کی ضمانت منسوخ‘ کمرا عدالت سے گرفتار

113

اسلام آباد(خبرایجنسیاں) ریکارڈٹمپرنگ کیس میں چیئرمین سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) ظفر حجازی کوضمانت منسوخ ہونے پر کمرا عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔ اسلام آباد میں خصوصی عدالت کے جج نے طاہر محمود نے ظفر حجازی کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔دوران سماعت ظفر حجازی کے وکیل نے کہا کہ چیئرمین ایس ای سی پی قابل اور محنتی افسر ہیں جنہیں حکومت نے میرٹ پر تعینات کیا‘ ان کی گرفتاری سے شہرت متاثر ہوگی۔ظفر حجازی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ چیئرمین ایس ای سی پی بیمار ہیں اس لیے ان کی ضمانت منظور کی جائے جب کہ عدالت نے ایف آئی اے حکام کی جانب سے ظفر حجازی کی درخواست ضمانت میں توسیع نہ کرنے کی استدعا کو منظور کیا ۔درخواست منظور ہونے کے ساتھ ہی ایف آئی اے اہلکاروں نے ظفر حجازی کو ہتھکڑیاں لگادیں اور انہیں اے آئی اے ہیڈکواٹر منتقل کردیا گیا ۔ بعد ازاں دوران حراست ظفر حجازی کی طبیعت بگڑگئی جس پر انہیں پمز اسپتال کے یمرجنسی وارڈ میں لایا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا ۔ذرائع نے بتایا کہ طبی رپورٹس آنے کے بعد ان کے معالجین کی جانب سے ظفرحجازی کو اسپتال میں داخل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گاجب کہ 5رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ظفر حجازی کے اہلخانہ اور ایف آئی اے اہلکاروں نے میڈیا کے نمائندوں سے بدتمیزی کی اور ہاتھا پائی کرتے ہوئے کوریج کرنے والے رپورٹرز اور کیمرا مینوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔