سانگھڑ‘ بجلی اور سوئی گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شہری سراپا احتجاج

185

سانگھڑ (نمائندہ جسارت) بجلی اور سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ بجلی و گیس کے بل ادا کر نے کے باوجود غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ 18 گھنٹے کی جارہی ہے، جو عوام کے ساتھ ظلم ہے، اکرم قریشی۔ سانگھڑ بجلی اور سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف صرافہ ایسوسی ایشن گارمنٹس ایسوسی ایشن اور دیگر شعبہ جات زندگی سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں شہریوں نے نیشنل پریس کلب کے سامنے پرامن احتجاج کیا، صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر محمد یوسف اور گارمنٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد اکرم قریشی نے کہا ہے کہ سوئی گیس اور بجلی کے باقاعدہ بل ادا کرنے کے باوجود دونوں محکموں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، جس سے گھریلو مشکلات تو اپنی جگہ مگر کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حیسکو کی طرف سے چار گھنٹے کا شیڈول جاری کیا گیا ہے مگر شہر بھر میں 18گھنٹوں سے زائد بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جو کہ شہریوں کے ساتھ ظلم ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حیسکو عملہ کوئی بھی بات سننے کے لیے تیار نہیں، حیسکو کا پورا سسٹم ناکارا ہو کر رہ گیا ہے ناکارہ سسٹم کا ملبہ عوام پر پھینکا جارہا ہے جس سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں گیس اور بجلی کے متعلقہ حکام عوام کے ساتھ تعاون کرنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں جس سے ادارے تباہی کی طرف جارہے ہیں آئے روز بجلی کی قیمتیں عام آدمی پر اضافی بوجھ بن رہی ہیں دوسری طرف بجلی کی بندش انسانیت کے ساتھ ظلم عظیم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔