دہشت گردی اور سیکورٹی فورسز پر حملے لمحہ فکر ہیں، ثنا اللہ زہری

206

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی اور سیکورٹی فورسز پر حملے ہمارے لیے لمحہ فکر ہیں لیکن مجھے یقین ہے کہ بلوچستان پولیس مخصوص حالات اورچیلنجز کا سامنا کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے ۔ ایلیٹ فورس کو مزید بہتر بنانے کے لیے چالیس فیصد کے خصوصی الاونس کی منظوری دیدی گئی ہے۔ کوئٹہ میں اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول میں ایلیٹ فورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جوانوں کی تربیت کا اعلیٰ معیار دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔ گزشتہ برس بلوچستان کانسٹیبلری کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا تو میں نے ایلیٹ فورس کے قیام کا وژن پیش کیا، یہ فورس ایک ہزار جوانوں پر مشتمل ہوگی، مجھے خوشی ہے کہ اب تک سات سوسے زائد جوان تربیت حاصل کرچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ جوان عوام کی عزت آبرو،جان و مال کا تحفظ اپنا فرض سمجھ کر کریں ، اس وقت صوبے کو امن و امان کیحوالیسے کئی چیلنجز در پیش ہیں، مجھے یقین ہے کہ یہ جوان بلوچستان کے مخصوص حالات اور چیلنجز کا سامنا کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ نواب ثنا اللہ زہری نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی اور سیکورٹی فورسز پر حملے ہمارے لیے لمحہ فکر ہیں، بلوچستان پولیس ان حالات کا نہایت جواں مردی سے مقابلہ کررہی ہے۔ سیکورٹی فورسز اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے، جوانوں کے ساتھ ساتھ شہدا پولیس کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت ہمیشہ بلوچستان پولیس کے ساتھ کھڑی ہے، حکومت نے پولیس کو جدید تر بیت اور اسلحہ اور ساز و سامان سے لیس کردیا ہے جس کے نتائج مثبت آرہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ایلیٹ فورس کے لیے چالیس فیصد خصوصی الائونس کی منظوری دے چکا ہوں جس پر جلد عملدرآمد ہوگا۔