مخدوش عمارتوں کی نشاندہی کیلئے ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ

413

کراچی( صباح نیوز)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے)نے شہرکی گنجان آبادپرانی بستیوں میں مخدوش حالت عمارتوںکی نشاندہی کے سلسلے میں ٹاسک فورس تشکیل دینے کافیصلہ کیاہے ،خطرناک قرار دی گئی عمارتوں کو خالی کروانے اورمتبادل رہائش کے حوالے سے حکومت سندھ کو تجاویز پیش کی گئی ہیںجبکہ ایس بی سی اے نے مزید بارشوں کی پیش گوئی پرخطرناک عمارتوں کے مکینوں کوعمارتیں خالی کرنے سے متعلق متنبہ کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹرجنرل ایس بی سی اے آغامقصود عباس نے کہاہے کہ شہرمیں تنگ گلیوں، چھوٹے مکانات کی پرانی گنجان آبادیوں میں مخدوش حالت عمارتوں کی نشاندہی کے لیے ٹاسک فورس قائم کی جائے گی تاہم اس سلسلے میں مکینوں کا تعاون ناگزیرہے، ان کی مدد کے بغیران علاقوں میںمخدوش عمارت کی نشاندہی مشکل امر ہے، ان کاکہناتھا کہ لیاقت آباد کے حالیہ المناک حادثے سے سبق حاصل کیاجائے جس میں نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کانقصان ہوابلکہ اس حادثے کے سبب متاثرہونے والی پڑوس کی 5عمارتوں کے مالکان ومکینوں کوبھی شدیدمالی نقصانات اورپریشانیاں جھیلناپڑرہی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ فی الوقت ایس بی سی اے کے اختیارات محدود ہیں لیکن ہم کوشش کررہے ہیںکہ خطرناک عمارتوں کے مکینوں کے معاملے میںبالخصوص ان کی منتقلی کے حوالے سے آسانیاں اورسہولیات فراہم کی جاسکیں، اس حوالے سے ایس بی سی اے کی جانب سے حکومت سندھ کو قانون سازی کرنے کی تجویزپیش کی گئی ہے۔علاوہ ازیں ماہرین موسمیات کی جانب سے حالیہ پیش گوئی کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر میںآئندہ چندروزسے مزیدمون سون بارشوں کے امکانات ہیںجس کے پیش نظر ایس بی سی اے نے ایک بار پھرمخدوش وخطرناک قراردی گئی عمارتوں کے مکینوں کومتنبہ کیاہے کہ وہ ان عمارتوں کوفوری خالی کردیں،جبکہ مفاد عامہ میںعوام الناس سے بھی درخواست کی ہے کہ اپنے اردگرد موجودخستہ حالت یاغیرمعیاری تعمیرات کی حامل عمارتوں کے بارے میں ایس بی سی اے کومطلع کریں۔تحریری نشاندہی کے ساتھ فون نمبر 021-99232354 پر بھی اطلاع دی جاسکتی ہے۔