ٹرمپ کا ترکی میں متعین سفیر کو افغانستان بھیجنے کا فیصلہ

140

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی میں امریکی سفیر جان بیس کو افغانستان کے لیے نیا سفیر نامزد کردیا ہے۔ تاہم بیس کو اپنی نئی ذمے داری سنبھالنے کے لیے امریکی سینیٹ کی توثیق درکار ہوگی۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق نیویارک سے تعلق رکھنے جان آر بیس 1988ء سے امریکی محکمہ خارجہ سے منسلک ہیں اور کئی اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔ افغانستان کے لیے نئے سفیر کے اعلان سے چند گھنٹے قبل صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس نے اپنی قومی سلامتی کی ٹیم اور اعلیٰ فوجی قیادت کے ساتھ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون میں ہونے والے ایک اجلاس میں شرکت کی تھی، جس میں افغانستان، شمالی کوریا اور داعش کے خلاف جاری کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ دوسری جانب جب صدر ٹرمپ سے ایک اخباری نمایندے نے پوچھا کہ آیا وہ اس جنگ کے شکار ملک میں اضافی امریکی فوج تعینات کریں گے؟ تو امریکی صدر نے جواب دیا کہ ہم دیکھیں گے۔