چودھری نثار کو منانے میں ناکامی‘ خواجہ آصف کو وزیراعظم بنانے پر تحفظات‘ آج اہم اعلان متوقع

175

اسلام آباد (آن لائن)مسلم لیگ ن میں گروپ بندی نے وزیر اعظم نواز شریف کے لیے مشکلات بڑھا دی ہیں جبکہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو آج اتوار کی پریس کانفرنس سے روکنے کی کوششیں مسلسل جاری ہیں تاہم چودھری نثار ابھی تک اپنے فیصلے پر ڈٹے ہوئے ہیں، چودھری نثار نے پاناما کیس میں وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کی صورت میںخواجہ آصف سمیت کسی جونیئر کے وزیراعظم بننے کو تسلیم نہ کرنے کا واضح اشارہ دے دیاہے، چودھری نثار آج پریس کانفرنس میں وزیراعظم اور پارٹی کے ساتھ وفاداری جبکہ حالات کی خرابی کے ذمے داروں کا تذکرہ کریںگے۔ معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ پاناما کیس کے معاملے پر اختلافات کے باعث سائڈ لائن پرہوچکے ہیں اور ایسی اطلاعات آرہی ہیں کہ چودھری نثار نے نواز لیگی وزرا خواجہ سعد رفیق اور رانا تنویر حسین سے ملاقات کے باوجود نواز شریف سے دیرینہ رفاقت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ان اطلاعات کے باوجود بھی انہوں نے پارٹی کے ساتھ اپنی وفاداری کا یقین دلایا ہے جبکہ وزیراعظم کی جانب سے بھی چودھری نثار کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی کو ٹاسک دیدیا گیا ہے جو چودھری نثار سے مسلسل رابطے میں ہیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے پنجاب ہائوس میں ٹیلیفون پر چودھری نثار سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن چودھری نثار سے بات نہ ہو سکی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری نثار کو منانے کی کوشش کرنا چاہتے تھے اور ان کی کوشش تھی کہ وہ اپنی آج کی پریس کانفرنس ملتوی کر دیں تاہم چودھری نثاربہر صورت پریس کانفرنس کرنے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ دریں اثنا پنجاب کے وزیر راجا اشفاق سرور نے ہفتے کو پنجاب ہائوس اسلام آباد میں وزیر داخلہ سے ملاقات کی اور انہیں اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کرتے رہے کہ وہ پریس کانفرنس کو فی الحال ملتوی کر دیں۔ذرائع نے بتایا کہ نواز لیگ کی اعلیٰ قیادت اور چودھری نثار میں اختلافات کی ایک اہم وجہ پاناما کیس میں وزیراعظم کی نااہلی کی صورت میں بننے والی صورتحال ہے جس کے حوالے سے چودھری نثار نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو آگاہ کردیا ہے ،بتایا گیا ہے کہ چودھری نثار وزیراعظم کی نااہلی کی صورت میں خواجہ آصف سمیت کسی جونیئر کو نیا وزیراعظم نہیں مانیں گے البتہ ان کی جانب سے اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق اور شاہد خاقان عباسی کے وزیراعظم بننے کو قبول کرنے اور ان کے ساتھ کام کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آج وزیر داخلہ ایک اہم پریس کانفرنس کریںگے جس میں وہ موجودہ کشیدہ سیاسی صورتحال کے ذمے داروں کا بھی تذکرہ کریںگے ۔ دوسری طرف وزیر اعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین کی مری میں ملاقات ہوئی ہے جس میں موجودہ سیاسی صورت حال اور پارٹی میں دھڑے بندی ختم کرنے سے متعلق مختلف امور زیر غور آئے ہیں۔دریں اثنا وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ چودھری نثار کی مسلم لیگ (ن) اورمیاں نوازشریف کے ساتھ 32سالہ رفاقت ہے وہ نواز شریف کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔وہ آزمائش اور مشکل میں پیچھے ہٹنے کے بجائے فرنٹ لائن پر آکر مخالفین کی خواہشات کا جنازہ نکال دیں گے،ان کی خواہشات دھری کی دھری رہ جائیں گی۔