عمران خان آمدنی کا ریکارڈ پیش نہ کرسکے‘ نااہلی کا امکان

126

اسلام آباد(صباح نیوز+آن لائن)پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آ ئی )کے سر براہ عمران خان نے اپنے لندن فلیٹ کے حوالے سے منی ٹریل غائب ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے عدالت عظمی کو بتایا ہے کہ انہوں نے آکسفورڈمیں تعلیم حاصل کرنے کے دوران پاکستان کیلیے کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کیا،1971ء سے 1988ء تک کائونٹی کرکٹ کھیلی اور کائونٹی اپنا20 برس پرانا ریکارڈ نہیں رکھتی،عمران خان کے وکیل نے 24 صفحات پر مشتمل مختلف دستاویزات کے ساتھ جواب عدالت عظمیٰ میں جمع کراد یا ہے ۔ہفتے کو عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے لندن فلیٹ منی ٹریل سے متعلق تحریری جواب عدالت عظمیٰ میں جمع کرا دیا۔جس میں عمران خان نے عدالت عظمیٰ میں منی ٹریل مکمل نہ ہونے کا تحریری اعتراف کر لیاہے۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کائونٹی کرکٹ کھیلتے رہے،انہوںنے 1977 ء سے1988ء تک وریسٹرشائرکے لیے کائونٹی کرکٹ کھیلی، کائونٹی کرکٹ اپنا20 برس پرانا ریکارڈ نہیں رکھتی،انہیں جو رقم موصول ہوتی تھی وہ ٹیکس کٹ کر ملتی تھی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اس کائونٹی کرکٹ کا کوئی بھی کنٹریکٹ6ماہ سے کم کا نہیں تھا اور عمران خان ان معاہدوں کے سلسلے میں زیادہ وقت بیرون ملک گزارتے تھے،اس دوران عالمی مقابلوں میں شرکت کے لیے باہر رہنے کی وجہ سے ملک میںٹیکس کے قانون ان پر لاگو نہیں ہوتے کیونکہ وہ نا ن ریذیڈنٹ تھے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ عمران خان کیری پیکر کے لیے 1977ء سے1979ء تک کھیلنے کا معاوضہ25ہزار ڈالر سالانہ لیتے تھے،اس زمانے میں ڈالر برطانوی پائونڈکے برابر مالیت کا ہوتا تھا جبکہ انہیںانعامات کی رقم و دیگر مراعات بھی ملتی تھیں۔ جواب میں مزید کہا گیا کہ 1980ء سے عمران خان برطانیہ میںدنیا کے مہنگے ترین کرکٹرز میں شمار ہوتے تھے، کائونٹی کرکٹ اپنا 20 سال سے پرانا ریکارڈ نہیں رکھتی اس لیے کائونٹی کرکٹ کھیلنے اورآمدن کا ریکارڈ دستیاب نہیں ہے۔ جواب میں کہا گیا کہ عمران خان نے کیری پیکر سیریز کے دوران اخبارات میںآرٹیکلز،انٹرویوز اور انعامات ملنے سے بڑی رقم کمائی۔عدالت عظمی کو بتایا گیا کہ عمران خان کے پاس اپنی ملازمت کے شیڈول کا ریکارڈ بھی موجود نہیں تاہم مثال کے طور پر کر کٹر مشتاق احمد کا ایک کنٹریکٹ دستاویزات میں عدالت کے سامنے پیش کیا گیا ہے ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ عمران خان نے آسٹریلیا کیلیے بھی 1984-85ء میںکرکٹ کھیلی اور 50ہزار آسٹریلوی ڈالروصول کرتے رہے۔ عمران خان نے اپنے جواب میں تحریر کیا کہ لندن فلیٹ2اپریل1984ء میں مورگیج (گروی ) کرایا گیاجس کا انٹرسٹ ریٹ 13.75% سالانہ مقرر ہواجس کیلیے رائل ٹرسٹ کو ابتدائی رقم 61 ہزاربرطانوی پائونڈز عمران خان کی کمائی سے ادا کی گئی، فلیٹ کی قیمت ایک لاکھ17ہزارپائونڈ تھی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ1977ء سے1979 ء تک انہوں نے کیری پیکر سیریز سے 75 ہزار پائونڈ کمائے۔ جواب میں بتایا گیاکہ عمران خان نے مورگیج کی رقم 55 ہزار پائونڈ68ماہ میں ادا کی،یہ رقم زیادہ تر آسٹریلوی ڈالرز کی صورت میں ادا کی گئی۔جواب کے مطابق عمران خان نے1987ء میںایک لاکھ90ہزار پائونڈ کمائے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ عمران خان نے کسی قسم کی کوئی منی لانڈرنگ نہیں کی،وہ ایک پروفیشنل کرکٹر رہے ہیں۔ دستاویزات میں سوسیکس کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو کا ایک خط بھی شامل ہے۔عمران خان کی جانب سے عدالت سے استدعاکی گئی ہے کہ یہ دستاویزات ریکارڈکا حصہ بنائی جائیں۔ واضح ر ہے کہ (ن) لیگ کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے عمران خان کونااہل قرار دینے کے لیے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کی گئی تھی ۔ کیس کی گزشتہ سماعت میں عدالت نے عمران خان سے بیرون ملک کرکٹ سے کمائی آمدن کی مکمل تفصیلات طلب کی تھی اوربرہمی کا اظہار بھی کیا تھا۔علاوہ ازیں ترجمان تحریک انصاف فوادچود ھر ی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئیکہا کہ لندن سے منی ٹریل منگوا کرعدالت عظمیٰ میں جمع کرادی ہے اور(ن)لیگ کے اعتراضات دورکردیے ہیں، عمران خان کلیئر ہیں اور اب یہ کیس ردی کی ٹوکری میں جائے گا، عمران خان کی منی ٹریل کو پاناما کیس جیسا سمجھنا بلی کے خواب میں چھیچھڑے جیسا ہے۔انہوں نے کہا کہ بر طانیہ میں نوازشریف کے بیٹے کا 600کروڑ کا فلیٹ ہے جبکہ عمران خان کا برطانیہ میں فلیٹ صرف50 لاکھ روپے کا تھا،ہم تو عمران خان کے بچپن تک کی منی ٹریل دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نااہلی کیس سے کچھ نہیں نکلنا،زرداری،فضل الرحمن یا نوازشریف کوئی بھی عمران خان جیسی ایک منی ٹریل دے کر دکھا دے۔ اس موقع پر شبلی فراز نے کہا کہ ان کے گھر پرحکومت والوںنے حملہ کرایا،حملہ آورکاروباری دستاویزات اٹھا کر لے گئے،یہ انتقامی کارروائی ہے، حکومت کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ مراد سعید کا کہنا تھا کہ پاناما کا کیس نہ ہوتا تو عمران خان پر کوئی کیس نہ بنایا جاتا، حکومت کا خیال تھا کہ اگر عمران خان کیخلاف کیس چلایا تو وہ کرپشن کے خلاف آواز نہیں اٹھائیں گے۔