نیو کراچی گورنمنٹ اسپتال میں آر او پلانٹ کا افتتاح

114

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی سیکرٹری مواصلات صدیق میمن اور کمشنر کراچی اعجاز حمد خان نے نیو کراچی گورنمنٹ اسپتال میں آر او پلانٹ کا افتتاح کیا،جو سول سروسز اکیڈمی کے افسران کی جانب سے انسانی خدمت کے کاموں کے لیے قائم کی جانے والی غیرسرکاری تنظیم میڈی بینک ٹرسٹ نے عطیہ کیا ہے۔ وفاقی سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات اور میڈی بینک ٹرسٹ کے بانی رکن شعیب احمد صدیقی نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ ا س مو قع پر میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے صدیق میمن نے کہا کہ اسپتالوں میں مریضوں کو صاف پانی کی فراہمی بہت ضروری ہے۔ آر او پلانٹ کی تنصیب سے اسپتال کے مریضوں کی پینے کے صاف پانی کی ضرورت پوری ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ نیو کراچی اسپتال میں آر او پلانٹ کی تنصیب کراچی کے شہریوں کے لیے سول سروسز کے افسران کا تحفہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈی بینک ٹرسٹ ملک بھر میں صحت کے شعبے میں انسانی خدمت کے مختلف کام کر رہا ہے ۔ سول سروس اکیڈمی کے افسران نے یہ ادارہ اپنے ساتھیوں اور خاندان کے افراد کی یاد میں انسانی خدمت کے جذبے سے قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران سرکاری حیثیت کے ساتھ ساتھ ذاتی حیثیت میں بھی عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں، اسی جذبے سے انہوں نے کام شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ معاشرے نے ان کی کوششوں کو سرا ہا ہے۔ بزنس کمیونٹی اور سول سو سائٹی کے افراد بھی ان کی مدد کر نے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے لوگوں کو سہولتیں فراہم کرنے اور مد د کر نے کی سر گرمیوں سے حکومت کو عوام کی خدمت کرنے کی کوششوں میں مدد ملے گی ۔ان کے اس جذبے کی حو صلہ افزائی کی جانی چاہیے۔کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ معاشرے میںمثبت رویے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ لوگوں میں انسانی خدمت کی سوچ اجاگرہو، وہ انسانی خدمت کے کاموں کی طرف ر اغب ہوں اور انسانی خد مت کے جذبے سے کام کریںتو یقینا معاشرے میں تبدیلی آئے گی۔ وہ ادارے جو انسانی خدمت کے جذبے سے کام کر رہے ہیں ان کی معاشرہ حو صلہ افزائی کرے تاکہ معاشرہ میں مثبت تبدیلی آئے ۔انہوں نے کہا کہ انسانی خدمت کے کاموں اور لوگوں کے مسائل کے حل کے ذمے دا ر محکموں اور افسران کا فرض ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل کے حل پر توجہ دیں۔ جو غیر سرکاری ادارے انسانی خدمت کا کام کر رہے ہیں ،ان کی حوصلہ افزائی کریں ان کے تعاون سے حکومت کو عوام کی خدمت کر نے کے مقاصد حاصل ہو ں گے ۔انہوں نے کہا کہ میڈی بینک ٹرسٹ ملک بھر میں انسانی خدمت کے کام کر رہا ہے ،پنجاب اور خیبر پختونخوا میںمیڈی بینک ٹرسٹ نے صحت کے شعبے میں نمایا ں خدمات انجام دی ہیں۔میڈی بینک ٹرسٹ کے چیف پیڑن جاوید نثار سیدنے کہا کہ کراچی کے 3 اسپتالوں عباسی شہید اسپتال، جناح اسپتال اور پاکستان ریلویز اسپتال میں میڈی بینک ٹرسٹ کی جانب سے ضرورت مند مریضوں کو مفت دوائیں فراہم کی جارہی ہیں۔ ملک بھر میں اٹھارہ سے زائد اسپتالوں میں ٹرسٹ کی جانب سے مفت دواؤں کی فراہمی کے لیے میڈی بینک قائم ہیں نیو کراچی اسپتال میں بھی مفت دوائوں کا مرکز میڈی بینک قائم کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وسطی کیپٹن فرید الدین مصطفی نے کہا کہ وہ میڈی بینک کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے نیو کراچی اسپتال میں آراو پلانٹ نصب کیا یقینا اس سے اسپتال کے مریضوں کی صاف پانی کی ضرورت پوری ہو گی۔