راولپنڈی، واٹر سپلائی ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی

250

راولپنڈی (جسارت نیوز) مذاکرات کامیاب ہونے پر واٹر سپلائی ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہفتہ بھر سے جاری ہڑتال ختم کر کے پانی کی فراہمی بحال کردی۔ یونین کونسل لکھن، اشرف کالونی، گلشن سعید، لیاقت کالونی، موہڑہ چھپڑ، احمد آباد، قائد اعظم کالونی کے علاقے جہاں پر سرکاری واٹر سپلائی تا حال نہیں پہنچ سکی ہے، وہاں پرائیویٹ ٹینکرز کے ذریعے مکینوں کو پانی کی فراہمی کی جاتی ہے لیکن پولیس اور واسا اہلکاروں کی جانب سے بے جا تنگ کیے جانے پر واٹر سپلائی ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہفتہ بھر سے ہڑتال کر رکھی تھی۔ جس کی وجہ سے علاقے کے ہزاروں مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ اس سلسلے میں رکن کینٹ بورڈ حاجی ظفر اقبال، چیئرمین یونین کونسل لکھن راجا فیصل کی قیادت میں وفد نے ایسوسی ایشن کے عہدیداران راجا خرم، راجا مجید وغیرہ سے کامیاب مذاکرات کیے اور یقین دہانی کروائی کہ آئندہ ان کو کوئی ناجائز تنگ نہیں کرے گا۔ اس موقع پر جنرل کونسلر چودھری اشتیاق اور معززین علاقے کی کثیر تعداد موجود تھی۔ حاجی ظفر اقبال، راجا فیصل اور معززین علاقہ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ حاجی ظفر اقبال نے خود ٹریکٹر چلا کر واٹر سپلائی کا آغاز کیا۔ اہل علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔