ملک آف شور کمپنی والوں کے قبضے میں ہے‘ مشتاق احمد خان

227

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ہمارا ملک آف شور کمپنی والوں کے قبضے میں ہے اس لیے 70 سال سے باریاں لینے والے مختلف چہرے اس ملک کی لوٹ کھسوٹ میں لگے ہوئے ہیں۔ صرف جماعت اسلامی ہی اس ملک کی وہ واحد پارٹی ہے جس کے لیڈرز اور کارکنان کی کوئی آف شور کمپنی نہیں اور نہ ہی اسکے وزرا اور ممبران ملک کی لوٹ کھسوٹ میں شریک ہیں۔ جماعت اسلامی 2018ء کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ ان خیالات کا انہوں نے جامعہ مسجد منصورہ لاہور میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم خیبر پختونخوا میں علما کرام، نوجوانوں اور خواتین کے ذریعے 2018ء کے جنرل الیکشن میں صوبے میں بڑی تبدیلی لائیں گے۔ اب تک خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے دس ہزار علما کرام کو ممبر بنا چکے ہیں، لاکھوں نوجوان صوبے بھر میں جماعت اسلامی یوتھ کی ممبر شپ حاصل کرچکے ہیں اوریکم اگست سے خواتین رابطہ مہم شروع کی جارہی ہے۔ یو سی سطح پر تنظیم سازی کریں گے اور ایک لاکھ خواتین کا کنونشن منعقد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وکلا، اساتذہ، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوںکو جماعت اسلامی کا پیغام پہنچانے کے لیے کارکنان جماعت مصروف عمل ہیں۔ ملک میں اب عرب سپرنگ کی طرح کرپشن فری بہار کا موسم شروع ہوچکا ہے۔ بدقسمتی سے پچھلے ستر سال سے ہمیں چور اور کرپٹ حکمران ملے جن کی وجہ سے ہم ترقی کے صرف خواب ہی دیکھ رہے ہیں۔ ملک اب کرپٹ، لٹیروں غاصبوں اور عوام کی خون پسینے کی کمائی لوٹ کر بیرون ملک بینکوں میں جمع کرنے والوں اور آف شور کمپنی والوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔