کے الیکٹرک کیخلاف ’’ون ملین پٹیشن‘‘ جلد دائر کرینگے‘ حافظ نعیم

241

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی کے ششماہی اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے عوا م بجلی ، پانی کے بحران اور سنگین بلدیاتی مسائل سے دوچار ہیں، جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، کے الیکٹرک کے خلاف ’’ون ملین پٹیشن ‘‘ سپریم کورٹ میں ضرور دائر کریں گے ، عوام کے الیکٹرک کے خلاف شکایات اور مسائل کے حل کے لیے بڑے پیمانے پر جماعت اسلامی سے رجوع کررہے ہیں ، ہم عوام کے ساتھ ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے اجتماع میں ارکان کی جانب سے سیاسی ، سماجی ، دعوتی اور تنظیمی امور کے حوا لے سے کیے جانے والے سوالات کے جوابات بھی دیے ۔ اجتماع کے نظامت کے فرائض سکریٹری کراچی عبد الوہاب نے انجام دیے،آغاز ڈپٹی سکریٹری حافظ عبد الواحد شیخ کی تلاوت و ترجمے سے ہوا جبکہ نائب امیر جماعت اسلامی کراچی محمد اسلام نے درس قرآن پیش کیا۔ اجتما ع میں جماعت اسلامی کراچی کی پبلک ایڈ کمیٹی کے سربراہ سیف الدین ایڈوکیٹ نے کمیٹی کی سرگرمیوں اور کوششوں کی رپورٹ پیش کی ،نئے بننے والے ارکان نے اپنا تعارف کرایا جبکہ مرحومین کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے ارکان جماعت اور ذمہ داران کو عوام سے رابطوں کو مزید و سیع اور مستحکم کرنے اور 2018ء کے انتخابات کے لیے ابھی سے بھرپور تیاری کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوںنے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر مہم چرم قربانی کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی اور تیاری کی جائے اور اجتماعی قربانی کے ساتھ ساتھ عوامی رابطے بھی کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک نظریاتی جماعت اور اسلامی و انقلابی تحریک ہے ۔جماعت اسلامی کا دستور موجود ہے جس کی ہمیشہ پابندی کی گئی ہے اسی طرح جماعت اسلامی ملک کے اندر تبدیلی کے لیے آئینی و قانونی اور دستور کے مطابق جمہوری وسیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے ۔جماعت اسلامی کی دعوت اور مشن انبیاء ؑ کی دعوت اور مشن ہے اور اقامت دین کی جدوجہد اور رضائے الٰہی کا حصول اس کا مرکز و محور ہے۔ خدمت خلق ، عوامی مسائل کی تمام تر کوششیں دین کے پیغام کو پھیلانے کی جدوجہد بھی ہم اسی جذبے کے تحت کرتے ہیں کہ ہم آخرت میں سرخرو ہوں۔