لاہور دھماکے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، میاں مقصود

193

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے لاہور میں فیروز پور روڈ ارفع کریم ٹاور کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں اتنی بڑی تعداد میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر جتنا بھی افسوس کیا جائے کم ہے۔ ملک دشمن بیرونی قوتوںنے ایک مرتبہ پھر لاہور کو نشانہ بناکر لہولہان کرنے کی سازش کی ہے۔ بے گناہ اور معصوم شہریوں کو دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنانے سے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔ حکومت جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی ہر ممکن مالی و طبی امداد کرے۔ سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے حالات خراب کیے جارہے ہیں۔ دہشت گردی کی اس کارروائی میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خفیہ ادارے بارہا اس بات کا انکشاف کرچکے ہیں کہ بھارت ’’را‘‘ کے ذریعے وطن عزیز کے حالات خراب کررہا ہے۔ بھارتی مداخلت کے ٹھوس ثبوت پاکستان نے امریکی حکام اور اقوام متحدہ کوکچھ عرصہ پہلے پیش بھی کیے تھے مگر بھارت کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف کام کرنے والی دشمن قوتوں کو عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔ ہندوستان امریکا اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کا سبب ہے۔