شاہ سلمان اردوان ملاقات‘ سعودی عرب قطر میں ترک فوجی اڈے پر راضی

390

جدہ/انقرہ( مانیٹرنگ ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے اتوار کوسعودی فرمانرواشاہ سلمان بن عبدالعزیز سے اہم ملاقات کی اور ان سے قطر کے ساتھ خلیجی عرب ممالک کے جاری بحران سمیت خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ترک صدر خطے کے 2روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں جدہ پہنچے توشاہ سلمان کے مشیر شہزادہ خالد الفیصل نے ان کا خیرمقدم کیا ہے۔ترک صدر کے دورے کا مقصد ترکی کے اتحادی قطر اور اْس کے ہمسایہ ملکوں کے مابین تعطل کو ختم کرنا ہے۔شاہ سلمان اور اردوان کے درمیان ون ٹو ون ملاقات میں قطر کے مسئلے پر مذاکرات کیے گئے ۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی شاہ قطر میں ترک فوجی اڈہ برقرارکھنے پر راضی ہوگئے ہیں جب کہ 13مطالبات میں سے 7حذف کردیے گئے۔عرب میڈیا کے مطابق ترک صدر نے سعودی شاہ پر زور دیا کہ وہ قطر کے حوالے سے اپنے موقف میں نرمی لائیں اور ایسا راستہ اختیار کیا جائے جو فریقین کے باہمی مفادات کا تحفظ کرتا ہو۔انہوں نے واضح کیا کہ ترکی کسی بھی ملک کی خودمختاری کے خلاف کیے جانے والے اقدامات کی حوصلہ افزائی نہیں کرے گا۔ اردوان نے شاہ سلمان سے ان کا موقف سنا جب کہ اپنا نقطہ نظر بھی بیان کیا۔شاہ سلمان اور اردوان نے شام کے مسئلے پر بھی غور کیا۔عرب میڈیا کے مطابق شاہ سلمان سے ملاقات سے قبل سعودی ولی عہد نے ترک صدر سے ملاقات کی اوران سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے کے طریقوں پر بھی بات چیت کی ہے۔ ترک صدر نے شہزادہ محمد بن سلمان کو ولی عہدمقرر ہونے پر مبارک باددی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے ترک صدر کویت جائیں گے جہاں وہ امیر شیخ صباح الاحمد الصباح سے ملاقات کریں گے، جس کے بعد آخر میں قطر روانہ ہوں گے جہاں اْن کی امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات ہوگی۔جدہ روانہ ہونے سے قبل ترکی میں ہوائی اڈاے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اردوان نے کہا تھاکہ اس بحران کو مزید طول دینے میں کسی کو کوئی دلچسپی نہیں، مجھے امید ہے کہ میرا دورہ خطے کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھاکہ قطر کے ساتھ جاری بحران کے حل کے لیے سعودی عرب پربھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے،ہم سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔قطری بحران کے حوالے سے ہی ایک اور خبر یہ ہے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا مغرینی اتوار کو کویت کے دورے پر پہنچی ہیں۔توقع ہے کہ وہ یورپی یونین کی جانب سے امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی قطر بحران کے حل کے لیے ان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کریں گی۔