ایشیائی ممالک بھارت کا سیاسی‘سفارتی و معاشی بائیکاٹ کریں‘رشیدترابی

226

ملائیشیا(صباح نیوز)رکن قانون ساز اسمبلی و سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشیدترابی نے کہا ہے کہ تمام ایشیائی ممالک بھارت کا سیاسی ،سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کریں ، کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کررہے ہیں نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کے مرتکب ہو رہے ہیں، کشمیری امت مسلمہ کی بقا اور اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے حزب اسلامی ملائیشیا کے زیر اہتمام وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں ایشیا کے 22ممالک کے اراکین پارلیمنٹ،اسلامی تحریکوں کے قائدین،علمائے کرام اوراسکالرز شریک ہوئے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ نریندر مودی نے ریاست کے مسلم تشخص کو ختم کرنے کی سازش کی، کشمیریوں نے اپنی آزادی کے لیے 5لاکھ شہدا پیش کیے، 25لاکھ کشمیری اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے، 30سال میں 1لاکھ سے زائدکشمیری شہید کیے گئے۔ 8لاکھ بھارتی افواج کالے قوانین اورا سپیشل پاور ایکٹ کے تحت قتل عام کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں، کشمیری امت مسلمہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق میں قراردادیں منظور کی جائیں، بھارت سے مظالم بند کرائے جائیں۔ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی اٹھنے والی لہر کو کچلنے کے لیے مودی نے مظالم میں اضافہ کر دیا ہے اور مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے سیز فائرلائن پر بلا اشتعال فائرنگ کی جارہی ہے تا کہ پاکستان کے ساتھ جنگ کا ماحول پیدا کیا جائے۔انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔