بھٹ شاہ میں نالیاں اور گٹر ابل پڑے‘ شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل

239

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) بھٹ شاہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل، نالیاں اور گٹر ابل پڑے شہر کی گلیاں و راستے تالابوں کا منظر پیش کر رہے ہیں ،جبکہ نکاسی آب کے لیے بنایا گیا نیا ڈرینج سسٹم بھی کرپشن کے سبب ناکارہ ہوگیا جس کے سبب شہر کے اطراف میں واقع گندے پانی کے تالاب بھر گئے جبکہ گندا پانی یعقوب شہید قبرستان، اسکول ، اولڈ ملاکھڑا گرائونڈمیں داخل ہوگیا، بچے کھیل کود سے محروم، درجنوں قبریں پانی میں ڈوب گئیں جبکہ اسکول اور گھروں ، رورل ہیلتھ سینٹر ، گرلز ہائی اسکول کے راستے جوہڑ میں تبدیل۔ شہریوں ، مریضوں، نمازیوںسمیت درگاہ شاہ لطیف پر آنے والے زائرین کو آمد رفت میں شدید مشکلات کا سامنا، صفائی کی مد میںہرماہ لاکھوں روپے خوردبرد۔ چیف میونسپل آفیسر اور ٹائون آفیسر کی جانب سے شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے نا قص انتظامات، شہر کے گندے پانی و نکاسی آب کے لیے بنایا جانے والا نیا ڈرینج سسٹم بھی کرپشن و غلط پلاننگ کے تحت ناکارہ، ٹائون آفیسر بھٹ شاہ محمد علی نندوانی، چیف میونسپل آفیسرہالا روشن لولائی کی نا اہلی و لاپروائی کے سبب، اللہ والا چوک،درگاہ روڈ، بگھیہ محلہ، شیخ محلہ، پیر محلہ، لطیف کالونی، ہنر مند کالونی، جراڑ شاہ کالونی، کچی آبادی، وی آئی پی اسٹیشن روڈ، اسپتال روڈ، گرلز اسکول سمیت شہر کے دیگر مقامات پر صفائی و ستھرائی کے ناقص انتظامات اور گٹر کے گندے پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے گلیوں اور سڑکوں پرکھڑا رہنا معمول بن گیا جس کی وجہ سے اسپتال ، اور درگاہ شاہ بھٹائی پر آنے جانے والے مرد ، خواتین اور بچوں سمیت شہریوں نمازیوں کو سخت مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے، جبکہ ٹائون کمیٹی کے کئی خاکروب با اثر افراد کے بنگلوں پر اور بعض گھر بیٹھے تنخواہ وصول کر رہے ہیں، جبکہ صفائی کی مد میں ہر ماہ آنے والے لاکھوں روپے جعلی بلوں کے ذریعے ہڑپ کر لیے جاتے ہیں ، شہر کی صفائی ستھرائی کی شکایت شہریوں کی جانب سے جب بھی شہر کی ایسی ابتر صورت حال کی شکایات ٹائون آفیسر بھٹ شاہ اور ان کے عملے کو دی جاتی ہیں تووہ ان سے صفائی کی مد میں رشوت طلب کرتے ہیں اور نہ دیے جانے پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہیں ، جبکہ دوسری جانب ساڑھے 6 کروڑ روپے کی لاگت سے شہر کے گندے پانی کی نکاسی کے لیے بنایا جانے والا ڈرینج سسٹم بھی شہر بھر کو سہولت دینے کے بجائے غلط پلاننگ و کرپشن کے سبب تباہ ہو چکا ہے ، جبکہ شہر بھر میں تعمیراتی کام کے سلسلے میں نئی بنائی گئی نالیاں و ڈرینج سسٹم کی وجہ سے شہر بھر میںٹھیکیداروں نے جگہ جگہ کھدائی کی ہوئی ہے جس کی وجہ سے حالیہ ہونے والی برسات میں وہ گڑھے بھر جانے کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ان میں سے پانی نکل کر تاریخی قبرستان، اولڈ ملاکھڑا گرائونڈ اور گھروں میں داخل ہو نے کی وجہ سے متعدد قبریں مسماراور بچے کھیل کود سے محروم اور شہری بے بس ہو کر رہ گئے ہیں جس کا کوئی بھی تدارک کرنے والا نہیں ہے جو کہ لمحہ فکر ہے، شہر کی سیاسی ، سماجی اور مذہبی شخصیات سمیت شہریوں نے وزیر بلدیات، کمشنر حیدر آباد، ڈپٹی کمشنر مٹیاری سے ان کرپٹ اور نا اہل عملداروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔