جے یو آئی وفد کی مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں لیاقت بلوچ سے ملاقات

186

لاہور(نمائندہ جسارت)جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل اور ڈپٹی چیئر مین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ملاقات کی، اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم،اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمداصغر،امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد،امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ مشاق احمد اور جمعیت علمائے اسلام کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا امجد خان بھی موجود تھے۔ملاقات کے بعد دونوں رہنمائوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے عالمی اجتماع میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے دینی جماعتوں کے اتحاد اورساتھ مل کر چلنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دینی جماعتوں کے ایک موثر پلیٹ فارم کی شدت سے ضرورت محسوس کی جاری ہے ۔جے یو آئی کی شوریٰ نے ان کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی ہے تاکہ دینی جماعتوں خاص طور پر ان دینی جماعتوں سے ر ابطہ کیا جائے جو انتخابات میں حصہ لیتی ہیں اور جمہوری طریقے سے حالات کو بدلنے کی جدوجہد کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستا ن کے تشخص کو مٹانے اورمغربی تہذیب وکلچر کو فروغ دینے کی کوشش کی جارہی ہے ،ان حالات میں دینی قوتیں خاموش تماشائی نہیں بن سکتیں۔ کشمیر جیسے قومی مسئلے کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے،ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔اقتدار اور وزارتو ں میں رہنے کے باوجود دینی جماعتوں کے دامن کرپشن سے پاک ہیںہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے۔دینی جماعتوں کے اتحاد سے قوم کو ایسی قیادت دینا چاہتے ہیں جو دیانتداری کے ساتھ پاکستان کو اس کے قیام سے ہم آہنگ کر سکتی ہو۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستا ن کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت اور علاقائی و قومی مسائل پر کھل کر بات کی ہے۔ دینی جماعتیں اس ملک کی ایک حقیقت ہیں جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جمہوریت اور پارلیمانی نظام کا تحفظ کیا جائے،قیادت کی تبدیلی انتخاب کے ذریعے ہونی چاہیے۔ملک دشمن قوتیں ہمارے تعلیمی نظام اور تہذیب و تمدن پر حملہ آور ہیں،کرپشن سرطان کی طرح پھیل کر قومی وجود کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ہمارا مطالبہ ہے قومی وسائل لوٹنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں کے آپس میں رابطے ہیں اور ہم نے طے کیا ہے کہ یہ رابطہ برقرار رکھیں گے۔ دینی جماعتیں جلداپنا اجلاس منعقد کریں گی جس میں مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور جے یو آئی کی طرف سے دینی جماعتوں کے اتحاد کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی،قبل ازیں مولانا عبدالغفور حیدری اور ان کے وفد کی منصورہ آمد پر جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے پرتپاک استقبال کیا۔