آم کی پیداوار اور بر آمد میں اضافہ ہو گا،ڈاکٹر یوسف ظفر

194

اسلام آباد (اے پی پی) یو ایس ایڈ بین الاقوامی سطح پر پاکستانی آم کی کھپت اور مسابقت کے لیے برآمد کنندگان کی مدد کر رہا ہے۔ بین الاقوامی تعاون سے پاکستان میں آم کے کاشتکار بہتر پیداوار حاصل کر کے ملکی معیشت کو استحکام دینے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر یوسف ظفر چیئرمین پی اے آر سی نے آم کی پیداوار کے حوالے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آم کی پیداوار میں اضافہ اور اچھی اقسام کی حامل پیداوار سے برآمدات میں اضافہ ہو گا اور ملکی معیشت کو استحکام ملے گا اور آم کے کاشتکاروں کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ اس موقع پر یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر جیری بیسن اور ڈاکٹر یوسف ظفر چیئرمین پی اے آر سی نے آم کے 13 کسانوں کو 750000 امریکی ڈالر کی مالیت کے آم کے گریڈرز دیے اور کہا کہ اس عمل سے پاکستان میں آم کی پیداوار اور بر آمد میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ ان گریڈرز کی مدد سے 2017ء میں بین الاقوامی معیار کے مطابق آم حاصل کیے جائیں گے۔ اس تقریب میں یو ایس ایڈ کی جانب سے پاکستان میں آم کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔ اس تقریب میں آم کی پیداوار سے متعلقہ پبلک اور پرائیویٹ ا سٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی ۔ پاکستان میں آم کے بڑے کاشتکار اور بر آمد کنندگان نے آم کی مختلف قسم کی اقسام پیش کیں۔