نوازشریف سودی نظام بچانے کی وجہ سے عذاب میں ہیں‘ سراج الحق

184

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاناما کیس ا سکینڈل کافیصلہ جلد از جلد سنایا جائے، اس فیصلے کے ساتھ قوم و ملک کامستقبل وابستہ ہے،نواز شریف نے اللہ اور اسکے رسولؐسے اعلان جنگ کیااب وہ اللہ کے عذاب سے دوچار ہیں ،وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے حالانکہ صبر کا پیمانہ غربت مہنگائی ،بدامنی ،بے روز گاری اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے عوام کا لبریز ہوچکا ہے ۔ مسئلہ صرف نواز شریف کا نہیں ہم ان470 سے زائدتمام افراد کا احتساب چاہتے ہیں جن کے نام پاناما پیپرز میں آئے ہیں۔تبلیغی جماعت کے بسترے شیطان کیلیے ایٹم بم ہیں،تبلیغی جماعت اصلاح معاشرہ کی ایک عالم گیر تحریک ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع دیرپائین کے علاقے میدان میں ایک بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرجماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات امیرالعظیم، صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ ،جماعت اسلامی کے ایم پی ایز سعید خان،اعزاز الملک افکاری،اور جماعت اسلامی ضلع دیر پائین کے امیر مولانا اسد اللہ نے بھی خطاب کیا ،جبکہ اس موقع پر400 سے زائد عمائدین نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کااعلان کیاامیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی میں شامل ہونے والے افراد کو جماعت اسلامی کے پرچم والی ٹوپیاں پہناکر انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے ذاتی تعصب و دشمنی نہیں،انہوں نے مسجد نبوی ؐمیں مجھ سے روضہ رسول ؐ کے سنگ وعدہ کیا تھا کہ وہ پاکستان جاکر سودی نظام کوختم کردینگے لیکن یہاں آنے کے بعد ہم نے سودی نظام کو وفاقی شریعت کورٹ میںچیلنج کیا تو نواز شریف صاحب نے وعدہ نبھانے کے بجائے سودی نظام کے تحفظ کیلیے ہمارے مقابلے میں اپنے وکلا لے آئے اور اللہ اور رسولؐکے ساتھ اعلان جنگ کردیا تواللہ کے ساتھ اعلان جنگ کرنے والے کا انجام کیسا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے انہیں کئی موقع دیے لیکن وہ گنوابیٹھے اب وہ اللہ کی پکڑ میں آئے ہیں اور ان کے جیل جانے کے دن قریب آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اور اب یہ کرپشن ایسے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے جس کی وجہ سے ملک و قوم کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں ، ہم نے بڑی کوشش کی یہ مسئلہ مل بیٹھ کر حل کریں کرپشن کے خاتمے کیلیے کوئی فارمولا بن جائے ہم نے قومی سیاستدانوں کو اکٹھاکیا ہم نے کرپشن کے خلاف ملک گیر تحریک چلائی لیکن جب مسئلہ حل ہوتا نظر نہیں آیااور پانامااسکینڈل بھی سامنے آگیا تو ہم معاملے کو عدالت میں لیکر گئے اور اب اس وقت پوری قوم کی نظریں عدالت کی طرف ہیں عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا ہے لیکن ہم اس جرگے کے توسط سے عدالت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاناما کیس کا فیصلہ جلد از جلد سنایا جائے کیونکہ یہ ملک و قوم کے مستقبل اور سالمیت سے وابستہ ہے،انہوں نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے ہمارا مطالبہ ہے کہ سی پیک کو ریلوے لائن کے بغیر کسی صورت قبول نہیں کرینگے ۔یہ ملاکنڈ ڈویژن کا حق ہے ملک کے لیے اگر سب سے بڑی قربانیاں دی ہیں تو ملاکنڈ ڈویژن اور دیر کے عوام نے دی ہیں اور آج بھی یہاں کے شہریوں کی قبریں سرینگرکے قبرستانوں میں موجود ہیں تو ایسے میں جب سی پیک جیسا منصوبہ آتا ہے تو اس پر سب سے پہلا حق انہی لوگوں کا ہے اور اس مسئلے پر ہم کسی صورت سمجھوتانہیں کرینگے اگر ضرورت پڑی تو ہم ملاکنڈ ڈویژن کی تمام پارٹیوں کا ایک بڑا جرگہ چکدرہ میں بلانے پر مجبور ہونگے۔