پاکستان سری لنکا تجارت میں ایچ ایم بی ہیراتھ کا اہم کردار ہے‘ اسلم پکھالی

168

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سری لنکا بزنس فورم کی جانب سے سبکدوش سری لنکن قونصل جنرل ایچ ایم بی ہیراتھ کے اعزاز میں ایک عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان بزنس فورم کے صدر اسلم پکھالی، پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن کے پیٹرن ان چیف وحید احمد، مجید عزیز، رئوف تابانی، اقبال شیخانی، عبدالباری، ریحان بھوجا، عبدالوہاب اور دیگر بھی موجود تھے۔ استقبالیہ تقریر میں اسلم پکھالی نے سبکدوش سری لنکن قونصل جنرل ایچ ایم بی ہیراتھ کو ان کی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافے کے حوالے سے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سری لنکا کو اپنا اہم تجارتی شراکت دار سمجھتے ہیں اور اسی لیے سال 2015ء میں پاکستان نے کولمبو میں سنگل کنٹری نمائش کا انعقاد کیا جبکہ اکتوبر 2016ء میں کولمبو میں منعقدہ ورلڈ ایکسپورٹ فورم میں بھی پاکستان نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر ایچ ایم بی ہیراتھ نے پاکستان سری لنکا بزنس فورم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کے بیش بہا مواقع موجود ہیں اور ہمیں ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سری لنکن ٹریڈ ڈولپمنٹ کے سربراہ کی نئی ذمہ داریوں کے ساتھ بھی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارت میں اضافے کے حوالے سے کوشاں رہیں گے اور اس ضمن میں ان کا تمام تر تعاون پاکستان سری لنکا بزنس فورم کو حاصل ہو گا۔