پاکستان سے پہلی حج پرواز 329عازمین کو لے کرمدینہ منورہ پہنچ گئی

229

جدہ (سید مسرت خلیل)سرکاری حج اسکیم کے تحت 329حاجیوں کو لیکر پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پی کے 2003اسلام آباد سے پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ائرپورٹ مدینہ المنورہ پہنچ گئی۔ ائر پورٹ پر ساجد یوسفانی ڈائریکٹر جنرل پاکستان حج مشن جدہ ، آصف حسین میمن ڈپٹی قونصل جنرل پاکستان ،اشرف لنجار جوائنٹ سیکرٹری سعودی وزارت حج و مذہبی اموراور پاکستانی سفارت خانہ اور قونصلیٹ کے افسران نے حاجیوں کا خیرمقدم کیا جبکہ شاہین ائر لائن NL-751سے پرائیوٹ حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرنے والے 253عازمین ِ جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقومی ہوائی اڈے پہنچیجہاں ان کا استقبال امتیاز شاہ ڈائریکٹر حج ، ارشد منیرقونصل پریس، سعید سرور ہیڈ آف چانسری کے علاوہ قونصلیٹ اور حج مشن جدہ کے دیگر افسران نے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین جنرل اتھارٹی سول ایوی ایشن عبدالحکیم التمیمی اور سعودی حکومت کے سینئر افسران بھی موجود تھے جنہوں نے حاجیوں کو مبارکباددی اور پھولوں کے تحائف بھی پیش کیے۔ امسال سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7525عازمین فریضہ حج ادا کرنے ارضِ مقدس پہنچیں گے۔ حج فلائٹ آپریشن 26آگست 2017ء تک 426پروازوںپر محیط ہے۔حج آپریشن 1438ہجری کے لیے حج رضا کار گروپ نے رضاکاروں کی رجسٹریشن مہم شروع کردی ہے۔16سال سے زائدعمر کے وہ تمام پاکستانی جو سعودی اقامہ رکھتے ہیں اور اپناحج ادا کرچکے ہوں رضا کار بنے کے اہل ہیں۔ خواہشمند رضا کار پاکستان حج والنٹیئرز گروپ کی ویب سائٹ www.hajjvolunteers.comکے ذریعے خود کو رجسٹرڈ کرواسکتے ہیں ۔ کسی بھی دشواری کی صورت میں مندرجہ ذیل نمبروں پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔جدہ 0966-590738922مکہ المکرمہ 0966-599973382پاکستان حج رضا کار گروپ کے بارے میں مکمل معلومات کے لیے فیس بک پر Pkaistanhajjvolunteersgroupکے ذریعے رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان حج رضاکار گروپ 2011ء سے حجاج کرام کی خدمت میں مصروف عمل ہے اور اسے اپنی تمام سرگرمیوں میں پاکستان مشن ، پاکستان قونصلیٹ جدہ اور پاکستان ایمبسی ریاض کی سرپرستی اور تعاون حاصل ہے ۔گروپ تمام خدمات رضاکارانہ طور پرسر انجام دیتاہے اورکسی بھی رضا کار کو کسی قسم کا معاوضہ یا اکرامیہ نہیں دیا جاتا ہے۔