شکارپور،بھوک ہڑتال پر بیٹھے کونسلراور کلرکس سے بابل خان بھیو کے مذاکرات

204

شکارپور(نمائندہ جسارت )شکارپور میں کونسلروں اور کلرکس کی 23 ویں روز بھی بھوک ہڑتال ، پی پی کے رہنما بابل خان بھیو نے مذاکرات کے بعد ختم کرادی ، مال پر جھگڑے کی خبریں میڈیا پر آنے کے باعث پی پی کی اعلیٰ قیاد ت نے نوٹس لے لیا ، شکارپور میونسپل کی تاریخ میں یہ سب سے بڑا احتجاج تھا ، دفاتر بھی بند رہے، شہریوں کو مشکلات کا سامنا۔تفصیلات کے مطابق شکارپور میں کونسلر اتحاد کی جانب سے چیئرمین میونسپل کمیٹی بابر احمد عرف سنی سنجرانی کے خلاف چیئرمین ہٹائو تحریک گزشتہ 23 روز سے احتجاج کا سلسلہ جاری رہا جبکہ کونسلر وسیم صدیقی کے بھائی کی جانب سے میونسپل ملازمین پر مقدمہ درج کروانے کے معاملے پر ایپکا یونٹ میونسپل کمیٹی کی جانب سے بھی 22 روزسے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا اور علامتی بھوک ہڑتال کی۔ دوسری جانب ایم این اے پی پی رہنما فریال ٹالپر کی ہدایت پر سابق ایم پی اے اور پی پی ضلع شکارپور کے صدر میر بابل خان بھیو کونسلروں بھوک ہڑتالی کیمپ پر پہنچے اور کونسلر وسیم صدیقی اور شمشاد میمن و دیگر کونسلروں کی باتیں سنیں جس کے بعد میر بابل خان بھیو نے کہاکہ میڈیا میں مال پر جھگڑے کی خبریں چلنے پر پی پی کی اعلیٰ قیادت نے بہت سخت نوٹس لیا ہے، ایسے عمل سے پارٹی کی بدنامی ہورہی ہے ، سارے اختیارات ایم این اے آفتاب شعبان میرانی کو پارٹی نے دیے ہیں وہ ملک سے باہر ہیں جیسے ہی واپس آئیں گے کونسلروں اور چیئرمین کا مؤقف سنیں گے اور وہ جو فیصلہ کریں گے وہ ہی پارٹی کا فیصلہ ہوگا اور جو فیصلہ نہیں مانے گا میں بھی اس کے ساتھ نہیں ہوںگا بلکہ سینئر رہنما آفتاب شعبان میرانی کے ساتھ ہوںگا۔ انہو ں نے کہاکہ کشیدگی کا سبب معلوم کیا جائے جو بھی اس میں ملوث ہوگا اس کے خلاف جو فیصلہ آفتاب شعبان میرانی کریں وہ ہی فیصلہ پارٹی کا ہوگا ، انہو ںنے کہاکہ اب بہت ہوچکاہے پرانی باتوں کو چھوڑو اور نئی سوچ لیکر آئو، ایم این اے ادی فریال ٹالپر شکارپور والی وزٹ میں فیصلہ کرگئی ہیں کہ میونسپل میں جو رقم پڑی ہے اس میں سے 50 فیصد تمام کونسلروں میں برابری کی سطح پر ترقیاتی کاموں کی مد میں دیے جائیں ، اس کے بعد کونسلر اتحاد والوں سے بھوک ہڑتال ختم کروائی گئی ، علاوہ ازیں میر بابل خان بھیو کلرکس کے بھوک ہڑتالی کیمپ پر پہنچے جہاں پر ایپکا یونٹ میونسپل کے صدر بابر پٹھان اور ضلع صدر عبدالوہا ب کاغذی والوں کی باتیں سنیں جس کے بعد میر بابل خان بھیو نے کلرکس کی بھوک ہڑتال ختم کروائی اور ان کو کہاکہ آنے والے پیر کے روز بھیو ہائوس پر کونسلر وسیم صدیقی اور اس کے بھائی والا معاملہ اور کلرکس پر داخل مقدمے کے متعلق فیصلہ کیا جائیگا۔