سندھ سے نیب کو ختم کرنا خلاف آئین و قانون ہے‘ حافظ نعیم

223

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سندھ حکومت کی جانب سے نیب کو سندھ سے ختم کرنے کی کوششوں کو صریحاً خلاف آئین و قانون اور بدنیتی قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوکہ نیب کا بد دیانت اور کرپٹ افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عمل بہت زیادہ مثالی نہیں ہے اور یہ بات بھی سامنے ہے کہ نیب نے بہت سے بااثر افراد کے معاملے میں تساہل اور جان بوجھ کر صرف نظر کیا ہے بلکہ سندھ حکومت جس طرح کرپشن کی سر پرستی کررہی ہے اس پرعدالت عظمیٰاور ہائیکورٹ میں آنے والے معاملات اس قدر شرمناک ہیں جس کوکوئی بھی معاشرہ برداشت نہیں کرسکتا کجا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں یہ سب کچھ ہو۔ سندھ میں اینٹی کرپشن کا ادارہ محض کرپشن پھیلانے کا ذریعہ ہے اس کا کا م محض بلیک میلنگ کرنا رہ گیا ہے ، سندھ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کا ادارہ مختلف اداروں میں بلیک میلنگ کے لیے مداخلت کرتا ہے جو اس کے دائرہ کار میں نہیں آتے لیکن اس کی کرپشن کے خلاف کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت میں شامل 2 تنظیموں نے جس طرح عوام کے خزانے کو لوٹا ہے اس کی مثال نہیں ملتی یہ ادارہ محض پیسے بنانے کا ذریعہ بن گیا ہے ۔رشوت اور کرپشن کروڑوں اور اربوں تک پہنچ چکی ہے صاف ظاہر ہے کہ پیپلز پارٹی کو اپنے کچھ افراد کے پکڑے جانے پر تشویش ہے جنہوں نے اربوں روپے کی کرپشن کی ہے اور اب باقی لوگوں کے خلاف کارروائی کا ڈر ہے ۔ نیب کے خلاف حکومت کا اقدام محض اپنی کرپشن بچانے کے لیے ہے ۔گورنر سندھ نے دستخط نہ کر کے درست اقدام کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر دوبارہ یہ بل سندھ اسمبلی میں منظور کرانے کی کوشش کی گئی تو جماعت اسلامی اس کے خلاف بھرپور طریقے سے عوامی او ر قانونی سطح پر جدوجہد کرے گی ۔ انہوں نے عدالت عظمیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اقدام کا ازخو د نوٹس لے۔