اکتالیس صہیونی شرپسندوں کی ایک بار پھر قبلہ اول کی بے حرمتی

121

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی طرف سے مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں کے داخلے پر پابندیوں کے ساتھ یہودی آباد کاروں کومقدس مقام کی بے حرمتی کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ پیر کے روز بھی 41 یہودی آباد کار اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکورٹی میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور قبلہ اول میں گھس کر نام نہاد مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ دوسری جانب ایران کی مجلس شوریٰ (پارلیمان) کے چیئرمین علی لاریجانی نے اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں پرعاید کردہ پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے صہیونی ریاست کے اقدامات کو جنگی جرم قرار دیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق علی لاری جانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صہیونی ریاست نے قبلہ اول میں فلسطینی نمازیوں پر پابندیاں عاید کرکے جنگی جرم اور بین الاقوامی مذہبی اصولوں کی صریح خلاف ورزی کی ہے ۔ ایران صہیونی ریاست کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ میں داخلے پر عاید کردہ پابندیاں فورا اٹھانے کا مطالبہ کرتا ہے۔