مصر کی نصف ٹن وزنی خاتون ایمان عبدالعاطی کا بھارت کے بعد متحدہ عرب امارات کے شہرابو ظہبی کے ایک ہسپتال میں جدید ترین سہولیات کے ساتھ علاج جاری ہے۔ ایمان تیزی کے ساتھ روبہ صحت ہے اور اس نے اڑھائی ماہ میں 60 کلو گرام وزن کم کیا ہے۔
العربیہ ٹی وی کے مطابق غالباً دنیا کی سب سے وزنی اور موٹی سمجھی جانے والی مصری خاتون ایمان عبدالعاطی کے ابو ظہبی میں دوران علاج ایک تازہ ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ کافی بہتر اور پہلے کی نسبت تندرست دکھائی دیتی ہے۔ابو ظہبی میں قائم برجیل ہسپتال کے ڈائریکٹر یاسین الشحات نے بتایا کہ فی الحال مصری خاتون ایمان کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ تاہم اس نے اپنا کافی حد تک وزن کم کردیا ہے۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران ایمان کے علاج کے نگران اور متحدہ عرب امارات میں مصر کے سفیر ڈاکٹر شماشیرفیالیل نے بتایا کہ ایک چوتھائی صدی تک بستر سے لگی رہنے والی ایمان عبدالعاطی اب بیٹھ سکتی ہے۔ اپنے ہاتھوں سے کھانا کھاتی اور واضح الفاظ میں بات کرتی ہے۔ اس کے لیے ایک وہیل چیئر تیار کی گئی ہے جس پر وہ بیٹھ بھی سکتی ہے۔
واضح رہے کہ ایمان عبدالعاطی کو کچھ عرصہ قبل بھارت میں علاج کے لیے لایا گیا تھا مگر بھارت میں خاطر خواہ علاج نہ ہونے کے بعد اسے متحدہ عرب امارات منتقل کیا گیا تھا۔