جرائم کی شرح پھر بڑھنے لگی‘ 6ماہ میں 183افراد قتل

96

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں گزشتہ 6ماہ کے دوران جرائم کی شرح میںمزید اضافہ ہوگیا،جنوری سے جون تک شہرمیں 183افراد کو قتل کیاگیا،اسلحے کے زورپر ہزارو ں شہریوں کو ان کی سوا ریوںاور موبائل فون سے محروم کردیا گیا، شہر میںبھتے کی 31وارداتوں کی پولیس میں رپورٹ کی گئی ، جرائم کی شرح میں اضافہ سی پی ایل سی کی رپورٹ میںظاہر کیا گیا ،شہری حلقوں نے سی پی ایل سی کی رپورٹ میں دیے گئے اعدادوشمار کومسترد کردیا، شہر میں لوٹ مار کی وارداتوں کی تعداد رپورٹ میں دی گئی تعداد سے کئی گنازیادہ ہے ۔سی پی ایل سی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق 6ماہ کے دوران کراچی میں جرائم کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، مختلف واقعات میں183افراد جان سے گئے۔سی پی ایل سی رپورٹ کے مطابق 6 ماہ میں 103 گاڑیاں چھینی گئیں جبکہ 636 چوری کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق983 موٹرسائیکلیں چھینی اور 11 ہزار 423 چوری کی گئیں، 6 ہزار76 موبائل فونز چھینے جبکہ8 ہزار 466 چوری ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق6 ماہ میں بھتے کے 31 واقعات رپورٹ ہوئے،مختلف واقعات میں 183 لوگ مارے گئے جبکہ4 بینک ڈکیتیاں بھی رپورٹ ہوئیں ۔واضح رہے کہ سی پی ایل سی اپنی رپورٹ شہر بھر کے تھانوں میں درج ہونے والے مقدمات کی بنیادپرتیار کرتی ہے ،شہری حلقوںنے اس رپورٹ میں دیے گیے اعداد وشمار کوگمراہ کن اور آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف قرار دیاہے،شہریوںکاموقف ہے کہ سی پی ایل سی کو شہر میں ہونے جرائم کے بارے میں رپورٹ جاری کرتے ہوئے ان جرائم کوبھی سامنے لانا چاہیے جن کے شکار مقدمہ کاباقاعدہ اندراج کرانے سے گریز کرتے ہیں اور صرف تحریری درخواست یا زیادہ سے زیادہ نان کاک رپورٹ کٹواتے ہیں ، اگر سی پی ایل سی تحریری درخواستوں کو چھوڑ کر خالی نان کاک رپورٹ کو اپنی رپورٹ کوحصہ بنائے توجرائم کی تعداد میں کئی گنااضافہ سامنے آئے گا۔