جبری برطرفی پرصحافیوں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کاقیام

155

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) کراچی پریس کلب میں تمام صحافی تنظیموں کا اجلاس سیکرٹری پریس کلب مقصودیوسفی کی زیرصدارت ہو ا جس میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے تینوں گروپوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میںمیںمختلف ٹی وی چینلزسے صحافیوں کی بلاجواز برطرفیوں، تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر اور واجبات کی عدم ادائیگی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جہدوجہد پر اتفاق کیا گیا۔ اس سلسلے میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے تمام گروپوں کے صدور،جنرل سیکرٹریز سمیت پاکستان پریس فوٹوگرافرز ایسوسی ایشن اور کیمرامین ایسوسی ایشن کے صدور اورجنرل سیکرٹریز پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے کوآرڈینیٹر کراچی پریس کلب کے سیکرٹری ہوں گے۔ اجلاس میں جاگ ٹی وی سے صحافیوں کی برطرفیوں، سیون نیوز اور کیپٹل ٹی وی میں تنخواہوں میں تاخیر اور بول ٹی وی کی طرف سے واجبات کی عدم ادائیگی کی سخت مذمت کی گئی ۔ اجلاس میں کراچی پریس کلب کے نائب صدر منہاج الرب، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل ایوب جان سرہندی ، کے یو جے کے صدر حسن منصور، کے یو جے دستور کے قائم مقام صدر ثاقب صغیر، جنرل سیکرٹری حامد الرحمن ، پی ایف یو جے کے رکن مرکزی مجلس عاملہ سعید جان بلوچ، پی ایف یو جے دستور کے نائب صدر افسر عمران، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل شعیب احمد، رکن مرکزی مجلس عاملہ پی ایف یو جے جاوید اصغر چودھری، رکن مرکزی مجلس عاملہ پی ایف یو جے دستور طارق ابولحسن،کراچی پریس کلب کے جوائنٹ سیکرٹری نعمت خان، رکن مجلس عاملہ کراچی پریس کلب لیاقت علی خان،سابق صدر کراچی پریس کلب طاہر حسن خان،سابق سیکرٹری علا ا لدین خانزادہ، سابق سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے خورشید عباسی، صدر پاکستان پریس فوٹوگرافرز ایسوسی ایشن سید حامد حسین اور سیکرٹری جنرل کیمرامین ایسوسی ایشن شہادت بلوچ نے شرکت کی۔