لاہور(جسارت نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے منصور احمد کو قومی جونیئر ٹیم کا منیجر مقرر کر دیا، محمد عثمان شیخ، محمد ثقلین اور ریحان بٹ کوچ ہوں گے۔چاروں آفیشلز قومی ہاکی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں اور اوپن ٹرائلز میں منتخب ہونے والے جونیئر پلیئرز کو ٹریننگ دیں گے۔ 2 روزہ اوپن ٹرائلز 27 اور 28 جولائی کو3 مختلف شہروں میں ہوں گے جن میں چاروں صوبوں اور وفاق کے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کے پلیئرز کے ٹرائلز مردان میں ہوں گے، امتیاز آفریدی، عمران خان، احسان اللہ اور شوکت علی سلیکٹرز ہوں گے۔ پنجاب کے پلیئرز کیلیے جوہر ٹائون ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول ہیں، طاہر زمان، مقصود حسین اور عمران بٹ سلیکٹرز ہوں گے۔ سندھ اور بلوچستان کے ٹرائلز کراچی سینٹر میں ہوں گے، قمر ابراہیم، محمد علی اور محمد انیس سلیکٹرز میں شامل ہیں۔ ٹرائلز میں یکم جنوری 1998 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے پلیئرز شرکت کے اہل ہوں گے۔دوسری طرف پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے زیر اہتمام ایشیا ہاکی کپ ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ گزشتہ روزنصیربندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں شروع ہوگیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز سینئر نے بتایاکہ تربیتی کیمپ میں 60 کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں اور انہیں ہیڈکوچ فرحت خان منتخب کھلاڑیوں کو خصوصی مشقوں کے ساتھ ساتھ ضابطہ اخلاق کے حوالے سے بھی لیکچر دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تربیتی کیمپ میں سے 35 کھلاڑیوںکو شارٹ لسٹ کر دیا جائے گا۔ اس کے بعد ایونٹ کے لیے 18 رکنی حتمی ٹیم کاعلان کیا جائے گا۔10واں ایشیا ہاکی کپ 12 سے22 اکتوبر تک بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکامیں کھیلاجائے گا جس میں پاکستان کے علاوہ ملائیشیا، بھارت، چین، جنوبی کوریا، جاپان، عمان اور میزبان بنگلا دیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔واضح رہے کہ قومی ہاکی ٹیم کی ورلڈ لیگ میں بدترین کارکردگی کے بعد فیڈریشن کی جانب سے ٹیم مینجمنٹ ‘سلیکشن کمیٹی کو فارغ کردگیا تھا اور قومی ٹیم میں بھی کئی تبدیلیاں لائیں گئیں ۔ جونیئر ٹیم میں کی جانے والی تبدیلی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔