روس کے ساتھ گٹھ جوڑ کا الزام درست نہیں‘ مشیر ٹرمپ

121

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور ان کے خاص مشیر جیرڈ کشنر نے کہا ہے کہ گزشتہ برس کی صدارتی انتخامی مہم کے دوران اور بعد میں وہ 4 بار روسی اہل کاروں سے ملے تھے، لیکن ان پر روس یا کسی اور ملک کی حکومت کے ساتھ کسی قسم کے گٹھ جوڑ کا الزام درست نہیں۔ سینیٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے روبرو بند کمرے میں گواہی کی کارروائی سے قبل جیرڈ کشنر نے پیر کے روز 11 صفحات پر مشتمل بیان جاری کیا، جب کہ وہ منگل کے روز ایوانِ نمایندگان کی انٹیلی جنس کمیٹی کے سامنے پیش بھی ہوئے۔ واضح رہے کہ امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں کی کمیٹیاں گزشتہ برس کے امریکی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کے معاملے کا جائزہ لے رہی ہیں۔ جیرڈ کشنر نے اپنے تحریری بیان میں کہا ہے کہ جو ریکارڈ اور دستاویزات میں پیش کرنے جا رہا ہوں، وہ ثابت کریں گی کہ انتخابی مہم اور عبوری دور کے دوران مختلف افراد سے ہزاروں رابطوں کے دوران شاید میں 4 مرتبہ روس کے نمایندوں کے ساتھ ملا، جن میں سے کوئی بھی ملاقات انتخاب کے حوالے سے یا کسی اور لحاظ سے کسی طور پر یاد رکھنے کے قابل نہیں تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکا میں روس کے سفیر کے ساتھ ان کی کئی مختصر ملاقاتیں ہوئیں، جن میں انہوں نے امریکا روس تعلقات میں بہتری لانے کی خواہش کا اظہار کیا، لیکن انہوں نے ذرائع ابلاغ میں آنے والی اِن رپورٹس کی تردید کی کہ ان کے اور واشنگٹن میں روسی سفیر سرگئی کسلیاک کے درمیان ٹیلی فون پر مزید گفتگو جاری رہی۔