دورۂ خلیج کامیاب رہا‘ کوششیں جاری رکھیں گے‘ ترک صدر

132

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اِردوان نے قطر کا بحران حل کرانے کے سلسلے میں اپنے 2 روزہ دورہ خلیج کو تعمیری اور کامیاب قرار دیا ہے۔ منگل کے روز ترکی کی حکمران جماعت انصاف اور ترقی (آق) کے پارلیمانی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلیجی دورہ تعمیری اور کامیاب رہا ہے۔ ترک صدر نے کہا کہ اس دورے میں ہمارے مفید روابط استوار ہوئے ہیں۔ ہم پختہ عزم کے ساتھ خطے میں استحکام اور امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ یاد رہے کہ صدر اِردوان نے اتوار اور پیر کے روز سعودی عرب، کویت اور قطر کا دورہ کیا تھا، اور ان ممالک کی قیادت سے خلیجی ممالک اور قطر کے درمیان جاری بحران کے خاتمے کے لیے بات چیت کی تھی۔ انہوں نے اپنے اس دورے کے دوران سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، امیر کویت شیخ صباح احمد جابر صباح اور امیر قطرشیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ حالیہ بحران پر تبادلہ خیال کیا۔