فری کشمیر آرگنائزیشن کے رکن راجا اسماعیل برلن میں انتقال کرگئے

366

برلن (رپورٹ مطیع اللہ) تحریک کشمیر و فری کشمیر آرگنائزیشن کے اہم رکن راجا اسماعیل گزشتہ روز برلن میں انتقال کرگئے، مرحوم عرصہ دراز سے بیمار تھے، گزشتہ روز طبعیت زیادہ بگڑنے کے باعث خالق حقیقی سے جاملے، راجا اسماعیل نے کشمیر کی آزادی کی تحریک میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا آزادی کشمیر کیلیے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ اور 3 بچوں سمیت جرمنی اور خصوصاً برلن میں اپنے بہت سے عزیزوں اور دوستوں کو سوگوار چھوڑا، مرحوم کی کشمیر کی آزادی کیلیے کی گئی کوششوں کو بھلایا نہیں جاسکتا، راجا اسماعیل ہردلعزیز شخصیت تھے، مرحوم کی نماز جنازہ بدھ کے روز منہاج القران مسجد مولیر استرسے برلن میں ادا کردی گئی۔ نمازہ جنازہ میں تحریک کشمیر و فری کشمیر آرگنائزیشن کے صدر و جنرل سیکرٹری سمیت تحریک اسلامی، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ(ن)، تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں اور برلن کی معروف کاروباری شخصیات، طالبعلموں کی بزم برلن کے رہنماؤں سمیت انگلینڈ اور برلن بھر سے آئے ہوئے مرحوم کے حلقہ احباب نے شرکت کی۔