بھارتی فوج بلاتاخیر دوکھلم سے نکل جائے‘ چین

206

بیجنگ (آئی این پی) چین نے کہاہے کہ بھارتی فوج بلاتاخیر دوکھلم سے نکل جائے ‘ مسئلے کا واحد حل اور مذاکرات کے لیے پہلی شرط یہی ہے۔ بدھ کو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکھانگ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ چین کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرتاہے اور نہ ہی کسی دوسرے ملک کی جانب سے اپنے مفادات کو نقصان پہنچانے والے اقدام کو برداشت کرے گا ۔انہوں نے وزیر خارجہ وانگ ژی کے اس بیان پر کہ دوکھلم پر بھارت سے کشیدگی ختم کرنے پر بات چیت بھارتی افواج کی مکمل واپسی سے مشروط ہے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیرخارجہ کا بیان مستند حیثیت کا حامل ہے اور اس کے لیے مزید کسی وضاحت کی ضرورت نہیں ۔ لوکھانگ نے کہاکہ مسئلہ دوکھلم کی جڑ بھارتی افواج کی چین کے علاقے میں غیر قانونی مداخلت ہے ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی سدا بہار اسٹریٹجک شراکت دار ی کو انتہائی اہمیت دیتاہے اور ا س کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارت کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک جتنا آگے بڑھے گا اتنا ہی پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا ، حکومت بڑی چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری ، کاروبارکھولنے اور باہمی مفادات کے تعاون کو فرو غ دینے کے لیے حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھے گی ۔لوکھانگ کے بقول چین نے ہمیشہ پاکستان میں اقتصادی و سماجی ترقی کے حوالے سے دوطرفہ عملی تعاون میں اپنے کردار کو بڑھایا ہے، چینی حکومت پاکستان میں ترقیاتی کام جاری رکھے گی ۔انہوں نے مزید کہاکہ چین پاکستان کو ایک مضبوط معاشی و اقتصادی ملک کے طور پر ابھرتا دیکھنا چاہتا ہے۔