قوم انتظار میں ہے‘ عدالت عظمیٰ پاناما کا فیصلہ جلد سنائے‘ عمران خان

124

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پوری قوم انتظار میں ہے، عدالت عظمیٰ پاناما کیس کا فیصلہ جلد سنائے ۔ اگر میں نا اہل ہوا تو یہ گاڈ فادر کو بے نقاب کرنے کی بہت چھوٹی قیمت ہو گی۔ نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ آیا تو اسلام آباد میں تاریخی جشن ہو گا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ساری حکومت وزیراعظم کی کرپشن چھپانے میں لگی ہوئی ہے، لوگوں کو خریدنے کے لیے پیسہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں اتنا بڑا حادثہ ہوا اور وزیراعظم مالدیپ چلے گئے ۔ کئی ممالک نے وزیراعظم کو دعوت دے کر منسوخ کر دی۔ ان ملکوں کو پتا ہے کہ نواز شریف پر کرپشن کے کیسز چل رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ فلیٹ لینے کی منی ٹریل جو ناممکن تھی وہ بھی میں نے دکھا دی۔ میں نے پیسہ باہر کمایا اس میں کون سی غیر قانونی چیز تھی؟ ۔ ایک میڈیا ہاؤس نواز شریف کی کرپشن بچا رہا ہے کبھی کسی نے سنا ہے کہ کسی وزیراعظم نے دبئی کا اقامہ لیا ہو اور بیرون ملک نوکری کر رہا ہو۔ ایک مولانا بھی وزیراعظم کو بچا رہا ہے یہ سارے کرمنل پرائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کے دبئی میں ڈیڑھ، ڈیڑھ ارب کے 2فلیٹ ہیں، میں نے منی لانڈرنگ کی اور نہ ہی کبھی کرپشن کی، اگرمجھے نا اہل کیا بھی جاتا ہے تو گاڈ فادر کو بے نقاب کرنے کی یہ بہت چھوٹی قیمت ہو گی۔ ایفی ڈرین کیس میں پکڑا جانے والا مجھ پر کیس کر رہا ہے۔ اب یہ جہانگیر ترین کو بھی عدالت میں لے آئے ہیں،میرا ،جہانگیر ترین اور علیم خان کا پاناما میں نام ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نا اہل ہونے سے کبھی نہیں بچ سکتے نواز شریف مافیا کا ججز پر بہت پریشر ہو گا۔ جس دن نواز شریف نا اہل ہوں گے اسلام آباد میں تاریخی جشن منائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ خورشید شاہ اور پیپلز پارٹی اس وقت بڑا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ وہ فرینڈلی اپوزیشن سے نکل کر اصل اپوزیشن پر آ گئے ہیں۔