کوئٹہ(جسارت نیوز)وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ نوجوان نسل کو کھیلوں اوردیگر تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرکے منشیات سمیت دیگر سماجی برائیوں سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے ۔نوجوان ہماراسرمایہ ہیں ان کی صحیح سمت میں رہنمائی کرکے ان کی صلاحیتوں کو ملک وقوم کی تعمیروترقی کیلئے بروئے کارلانے کے دوررس نتائج برآمد ہونگے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کوئٹہ میں قومی کھیلوں کے انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہونے والے اجلاس کے دوران کیا۔صوبائی وزیرکھیل میرمجیب الرحمن محمدحسنی اورسیکرٹری کھیل محبوب احمدشاہوانی نے وزیراعلیٰ کوقومی کھیلوں کے انعقادکی تیاریوں کے ساتھ ساتھ صوبے میں کھیلوں کے فروغ اورسہولتوں میں اضافے کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2017ء میںکوئٹہ میںقومی کھیلوں کے انعقاد کے حوالے سے مختلف سہولتوں کی فراہمی اور کھیل کے میدانوں کی تعمیر ومرمت اورتزئین وآرائش کیلئے 800ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔جن میں ایوب اسٹیڈیم میں بین الاقوامی معیار کے سوئمنگ پول،سکواش کورٹ،ٹاٹرن ٹریک کی تعمیروتنصیب کے علاوہ دیگر منصوبے بھی شامل ہیں۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ایوب اسٹیڈیم کو جدیداسپورٹس سٹی میں تبدیل کرکے وہاں ان ڈوراورآؤٹ ڈورکھیلوں کی تمام سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے ،ایوب اسٹیڈیم سے تجاوزات کا خاتمہ کیاجائے اورنوجوان کھلاڑیوں کی ایوب اسٹیڈیم تک رسائی کو آسان بناکر کھیلوں کی سہولتوں سے استعفادہ کرنے کا موقع فراہم کیاجائے۔ وزیراعلیٰ نے قومی کھیلوں کے شایان شان طریقے سے انعقاد کو یقینی بنانے اورمہمان کھلاڑیوں کو رہائش کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔وزیراعلیٰ نے رواں سال کے ترقیاتی پروگرام میں تمام اضلاع میں مختلف کھیلوں کے اسٹیڈیمز کی تعمیر اورکھیلوں کی سہولتوں میں اضافے کیلئے شامل ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اورمعیاری تکمیل کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے قومی کھیلوں کے انعقاد کے منصوبوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کیلئے نجی شعبہ کی شراکت کے حصول اوراس شعبہ کے ماہرین پرمشتمل کنسلٹنٹ مقررکرنے کی ہدایت بھی کی۔