پاکستان اور مالدیپ کے مابین سیاحتی تعاون کے معاہدے پر دستخط

147

اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان اور مالدیپ کے مابین سیاحتی تعاون کے معاہدے پر دستخط کردیے گئے جس کے تحت دونوں ممالک مشترکہ طور پر سیاحت کی ترویج کریں گے۔ پاکستان کی جانب سے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹوررازم چودھری عبدالغفور نے معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کی رو سے مالدیپ کی حکومت سیاحت و میزبانی کے شعبے میں پاکستانی فارغ التحصیل طالبعلموں کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرے گی جبکہ پاکستان سے متعلق سیاحتی دستاویزی فلمیں بھی مالدیپ کے مختلف ٹی وی چینلز پر نشر کی جائیں گی۔ دونوں ممالک میں منعقد ہونے والے سیاحتی ، کلچر اور فوڈ فیسٹیول میں بھرپور شرکت کی جائے گی جبکہ ٹورر آپریٹرز کے مابین روابط بھی استوار کیے جائیں گے۔ مالدیپ پاکستان میں موجود سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کے متعلق معلومات کو بھی نمایاں سرمایہ کاروں میں تقسیم کرے گا۔ اس ضمن میں دونوں ممالک کے قومی سیاحتی ادارے اور سفارتخانے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ واضح رہے کے چود ھر ی عبدالغفو ر ایم ڈی پی ٹی ڈی سی وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف کے وفد کے ہمراہ مالدیپ کے3 روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔یہ معاہدہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔