ظفر حجازی جیل منتقلی کے بجائے وی آئی پی مہمان بن گئے

149

اسلام آباد (آن لائن+ اے پی پی) ایف آئی اے افسر کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ رات کے اوقات میں ایس ای سی پی کے سابق چیئرمین ظفر حجازی کو جیل کے بجائے وی آئی پی سیکٹر ایف آئی اے کے سیف ہائوس منتقل کر دیا جاتا ہے جہاں ان کو وی آئی پی مہمان بنا کر خوب خاطر تواضع کی جارہی ہے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ظفر حجازی سے دوران تفتیش کسی قسم کی کوئی سختی نہیں کی جارہی بلکہ اسے ایک انتہائی معزز مہمان کی حیثیت حاصل ہے جبکہ ظفر حجازی کے آرام کا مکمل خیال کیا جارہا ہے اور من پسند کھانے پینے کی ڈیمانڈ پوری کی جاتی ہے۔علاوہ ازیں سابق چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کو مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔دوران سماعت فاضل جج نے استفسار کیا کہ 4 روزہ جسمانی ریمانڈ کے دوران کیا پوچھ گچھ کی گئی۔ ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے بتایاکہ ملزم 2 دن ہسپتال اور 2 دن ایف آئی اے کی تحویل میں رہا ہے۔ ظفر حجازی کے وکیل نے دلائل دیے کہ اصل ملزمان ادارے میں بیٹھے ہیں جبکہ بے گناہ سزا بھگت رہا ہے۔