امریکی وزیر خارجہ نے بھی استعفیٰ نہ دینے کی تصدیق کردی

165

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کے وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن نے اپنے استعفے سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ میں چند روز سے چہ مگوئیاں جاری تھیں ریکس ٹلرسن صدر ٹرمپ کے ساتھ اختلافات کے باعث وزیر خارجہ کے عہدے سے مستعفی ہو سکتے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے بدھ کے روز اپنے قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی کا اپنے دفتر میں استقبال کرنے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ کہیں نہیں جا رہے اور اپنے منصب پر خدمت انجام دیتے رہیں گے۔ ریکس ٹلرسن نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ وزارت خارجہ کا قلم دان اس وقت تک سنبھالے رہیں گے، جب تک صدر چاہیں گے۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے بھی وزیر خارجہ کے مستعفی ہونے کی خبروں کی تردید کی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اور ٹلرسن کے درمیان اختلافات اس نوعیت کے نہیں کہ وزیرخارجہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔ ٹلرسن نے بہت سے اہم اور کامیاب فیصلے کیے ہیں اور صدر ٹرمپ کو بھی ان پر بھرپور اعتماد ہے۔