اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک)سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ فوج سے ساز باز کر کے اقتدار کے حصول کی خواہش نہیں ہے ،اس طرح کے الزامات غلط ہیں۔برطانوی نشر یاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے روایتی سیاست کی مخالفت کرتے رہے ہیں، روایتی سیاستدانوں کی طرح نہیں۔عمران خان نے کہا کہ پہلے ایسا کیا نہ آئندہ کبھی فوج کے ساتھ ساز باز کرکے اقتدار لینے کی خواہش ہے۔عمران خان نے کہا کہ ایسے مواقع کئی بار آئے جب وہ ملک میں انتشار کا سبب بن سکتے تھے لیکن صرف فوج کے آنے کے خدشے کی وجہ سے پیچھے ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت قائم رکھنے میں انہیں سب سے زیادہ دلچسپی ہے۔سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نواز شریف جنرل جیلانی کے ذریعے سیاست میں آئے اور ذوالفقارعلی بھٹو کو جب ایوب خان اوپر لائے تو وہ چھوٹے سے تھے۔عمران خان نے مزید کہا کہ انہوں نے 21 برس جدو جہد کی ہے جس کے بعد وہ اس مقام پر پہنچے ہیں، کیا یہ جدوجہد اس لیے کی ہے کہ فوج کو اقتدار میں لاؤں؟۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کا ان سے زیادہ بڑا اسٹیک ہولڈر اور کون ہے؟۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ برس اسلام آباد لاک ڈاؤن کے موقع پر پارٹی کی مخالفت کے باوجود پشاور سے آنے والی ریلی کو روکا کیونکہ انہیں پتا تھا اس سے انتشار ہو گا اور گیم ان کے ہاتھ سے نکل جائے گا ، پھر فوج مداخلت کرے گی، اس لیے انہوں نے ریلی کو واپس بھیجا اور خود عدالت عظمیٰ چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس جتنی بڑی اسٹریٹ پاور ہے اس کے ذریعے اگر چاہیں تو کسی بھی وقت ملک میں انتشار پھیلا سکتے ہیں مگر ایسا نہیں کیا۔ عمران خان نے کہا کہ جو آدمی ملک میں آزاد انتخابات کے لیے جدوجہد کرتا ہو وہ کیسے چاہے گا کہ فوج اقتدار میں آجائے۔ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے انتخابی سیاست میں سیاسی خاندانوں کو ساتھ ملانے کی حمایت کی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انتخابی سیاست میں سیاسی خاندانوں کو ساتھ ملانا ضروری ہے، ایک ہزار حلقوں میں انتخاب لڑنا ہے اور ان سب حلقوں کے لیے نئے لوگ لانا ممکن نہیں ہے، اگر صرف نئے لوگوں کو ہی الیکشن لڑانا ہے تو ایسا پاکستان میں زمین پر نہیں چاند پر ہی ہو سکتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سیاسی خاندانوں کے صاف ستھرے لوگوں کو انتخابات میں ٹکٹ دینے میں کوئی حرج نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک ایک بھی ایسے شخص کو پارٹی میں شامل نہیں کیا جس کے خلاف نیب میں بدعنوانی کا مقدمہ ہو۔علاوہ ازیں عمران خان نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کے وزیروں کی بے نقاب ہونے والی بددیانتی انتہائی حیران کن ہے۔سربراہ تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کے لالچ سے تو ہم واقف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں تو سارے ہی جیب میں اقامے لے کر گھوم رہے ہیں۔انہوں نے اماراتی مرکزی بینک سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر رہائش پذیر افراد کے کھاتوں کی تفصیلات ظاہرکرے۔