بلین ٹری سونامی منصوبہ مکمل کر لیا ہے‘پرویز خٹک

162

پشاور(آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہم نے بلین ٹری سونامی منصوبہ تقریباً مکمل کر لیا ہے ،14 ارب کا پروجیکٹ ہے جس میں سے 10ارب روپے خرچ کر چکے ہیں 14 ارب روپے اس کی دیکھ بھال پر خرچ کیے جائیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پختونخواہاؤس اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زاہد حامد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کے تناظر میں سارے پاکستان کی ذمے داری ہم نے اپنے کاندھوں پر ڈالی ہے کیونکہ ہم نے نئی نسل کو گرین پاکستان دینا ہے۔ ہمارے صوبے میں70 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ ہم رن آف دی ریور4500میگا واٹ کے منصوبوں پر کام شروع کر چکے ہیں ہر سال 1000سے 1500میگا واٹ سسٹم میں آتا جائے گا۔ رن آف دی ریور 25ہزار میگاواٹ تک بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہے ہم پاکستان کے مستقبل کا سوچتے ہیں۔ یہ ہمارا ملک ہے ہم نے اسے ایک محفوظ ، خطرات سے پاک اور خوشحال خطہ بنانا ہے۔