کراچی(اسٹاف رپورٹر) کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے کہا ہے کہ پولیس کی بہتری کے لیے منصب کے دورانیے میں تسلسل اور یونٹی آف کمانڈ اہم ہے۔ کورکمانڈ کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے ملیر چھائونی میں پولیس ٹریننگ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور جی او سی ملیر میجر جنرل زاہد بھی موجود تھے۔کورکمانڈر کراچی کے دورے پر پولیس ریکروٹس نے تربیت کا عملی مظاہرہ کیا جبکہ لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے پولیس ٹریننگ کے معیار اور دستیاب سہولتوں کو سراہا۔اس موقع پر کورکمانڈر کراچی کا کہنا تھا کہ پولیس کی اس تربیت نے پولیس کی ٹریننگ کے نئے معیار متعین کردیے ہیں ۔لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے کہا کہ کراچی کے امن کے لیے سندھ پولیس کا کردار قابل تحسین ہے۔