مچھلی اور اس کی مصنوعات کی قومی برآمدات میں 21فیصد سے زائد کا اضافہ

283

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) مالی سال 2016-17ء کے دوران مچھلی اور اس کی مصنوعات کی قومی برآمدات میں 21فیصد سے زائد کا اضافہ دیکھاگیا۔ ادارہ برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مچھلی اور اس کی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ سے قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ عالمی مارکیٹ میں مچھلی اور اس کی مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2015-16ء کے دوران عالمی منڈیوں میں مچھلی اور اس کی مصنوعات کی قیمت 2539 ڈالر فی ٹن کے مقابلہ میں مالی سال 2016-17ء کے دوران 2616 ڈالر فی ٹن تک بڑھی ہیں۔ پی بی ایس کے مطابق گذشتہ مالی سال کے دوران مچھلی اور اس کی قومی برآمدات کا حجم 394 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ مالی سال 2015-16ء کے دوران برآمدات کا حجم 325 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا اس طرح گذشتہ مالی سال کے دوران مچھلی اور اس کی مصنوعات کی ملکی برآمدات میں21.35 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔