مالی میں جرمنی کا فوجی ہیلی کاپٹر تباہ‘ 2 اہل کار ہلاک

149

باماکو (انٹرنیشنل ڈیسک) مالی میں جرمنی کا ایک جنگی ہیلی کاپٹر تباہ ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں 2 فوجی اہل کار ہلاک ہوگئے ہیں۔ جرمن ماہرین نے ہیلی کاپٹر کی تباہی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ خبر رساں ادارے اے پی نے جرمن فوج کے نائب چیف آف اسٹاف وائس ایڈمرل یوآخم روہلے کے حوالے سے بتایا ہے کہ مالی کے علاقے گوا میں ٹائیگر ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد اس ساخت کے تمام ہیلی کاپٹرز کی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اس حادثے کی مفصل رپورٹ سامنے نہیں آ جاتی اور یہ واضح نہیں ہو جاتا کہ یہ ہیلی کاپٹر پرواز کے لیے محفوظ ہیں، تب تک اس ساخت کے تمام ہیلی کاپٹرز پرواز نہیں کریں گے۔ یوآخم روہلے نے بتایا ہے کہ حادثے سے قبل ہیلی کاپٹر سیکوئی سگنل نہیں دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس ہیلی کاپٹر کے کریش ہونے کی وجہ ابھی تک نامعلوم ہے، لیکن بہ ظاہر ایسا اشارہ نہیں ملا کہ اسے تباہ کیا گیا ہے۔ بعد ازاں جرمن ماہرین کی ٹیم گزشتہ روز جائے حادثہ پر پہنچی اور اس نے فلائٹ ریکارڈر کی تلاش شروع کر دی ہے۔ اس ہیلی کاپٹر میں 2 جرمن فوجی سوار تھے، جو تباہی کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے۔ یہ فوجی مالی میں اقوام متحدہ کے امن مشن کا حصہ تھے۔ اقوام متحدہ کی ٹیمیں بھی اس حادثے کی تحقیقات میں شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے بتایا ہے کہ اس حادثے سے قبل اقوام متحدہ کے امن مشن کے ارکان پہلے سے ہی وہاں موجود تھے، جس کا مطلب ہے کہ وہ مقام اس ہیلی کاپٹر کی پرواز کے لیے محفوظ تھا۔